روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ صارفین کیلئے اہم خبر

اسلام آباد میں شہباز شریف کی ہدایت پر روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے دائرہ کار میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس فیصلے کے تحت اب غیر ملکی شہریوں اور کمپنیوں کو بھی روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ اور حکومتی سیکیورٹیز میں سرمایہ کاری کی اجازت دی جائے گی، جس کا مقصد ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی تعداد ایک کروڑ دس لاکھ سے زائد ہے، جبکہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق مالی سال 2025 میں ترسیلات زر 38.3 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔

حکام کے مطابق مالی سال 2026 میں ترسیلات زر 42 ارب ڈالر تک جانے کی توقع ہے، جو اوورسیز پاکستانیوں کے اعتماد کا مظہر ہے۔

پاکستان ترسیلات زر حاصل کرنے والے ممالک میں پانچویں نمبر پر آچکا ہے جبکہ جنوبی ایشیا میں دوسرے نمبر پر ہے، اور یہ ترسیلات ملکی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

مزید بتایا گیا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ذریعے اب تک 9 لاکھ سے زائد اکاؤنٹس کھولے جا چکے ہیں اور سرمایہ کاری کا حجم 12 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکا ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے اور حکومتی اصلاحات کے ذریعے سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس اقدام سے پاکستان عالمی سطح پر ایک پرکشش سرمایہ کاری مرکز کے طور پر ابھرے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close