قرض حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے اہم خبر آگئی

وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان نے پنجاب کی ‘آسان کاروبار فنانس اسکیم’ کو کامیاب ماڈل قرار دیتے ہوئے دیگر صوبوں کو بھی اسی طرز پر منصوبے شروع کرنے کی تجویز دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ہارون اختر خان نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (SMEs) کو معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے مالیاتی اداروں اور سمیڈا کو مشترکہ اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

کراچی میں منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق کاروباری افراد کو قرضوں تک آسان رسائی یقینی بنائی جائے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران 100 ارب روپے کے قرضے تقسیم کیے جا چکے ہیں، جس سے ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد افراد مستفید ہوئے۔

ہارون اختر خان نے پنجاب کی اسکیم کو کامیاب ماڈل قرار دیتے ہوئے دیگر صوبوں کے لیے اسی طرز کے منصوبے شروع کرنے کی تجویز دی۔ اس ضمن میں سمیڈا میں ایک خصوصی ورکنگ گروپ قائم کیا جائے گا جو بینکوں اور مالیاتی اداروں کے ساتھ مل کر تربیت اور رابطہ کاری کا کام کرے گا۔

بلوچستان، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر جیسے کم مراعات یافتہ علاقوں کے لیے بھی خصوصی فنانسنگ اسکیمیں متعارف کرائی جائیں گی۔

پاکستان کے اس کامیاب ماڈل میں فلپائن اور بنگلادیش جیسے ممالک نے بھی گہری دلچسپی ظاہر کی ہے، جو ملکی معیشت کے لیے مثبت اشارہ ہے۔

ہارون اختر خان نے زور دیا کہ مؤثر ‘فنانشل ایکو سسٹم’ کے قیام کے لیے سمیڈا، صوبائی حکومتوں اور بینکوں کے درمیان اشتراک وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ مالیاتی اداروں نے مکمل تعاون اور قرضوں کی فراہمی مزید آسان بنانے کی یقین دہانی کرائی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close