اسلام آباد میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) نے مستحقین کو ملنے والے قرعہ اندازی اور انعامی رقوم کے پیغامات کے حوالے سے اہم وضاحت جاری کر دی ہے۔
ترجمان کے مطابق ادارے کی جانب سے اس نوعیت کے کوئی پیغامات نہیں بھیجے جاتے اور ایسے تمام پیغامات جعلی ہیں، لہٰذا مستحقین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ان پر ہرگز بھروسہ نہ کریں۔
بی آئی ایس پی نے واضح کیا کہ ماضی میں بھی اس طرح کے فراڈ پیغامات سامنے آتے رہے ہیں، جس کے پیش نظر ادائیگیوں کے نظام کو مزید محفوظ بنانے کے لیے نیا نظام سوشل پروٹیکشن والٹس متعارف کروایا گیا ہے۔
چیئرپرسن روبینہ خالد کے مطابق اس نظام کے تحت رجسٹرڈ خواتین کو مفت سم کارڈز فراہم کیے جا رہے ہیں۔ خواتین اپنے شناختی کارڈ اور موبائل فون کے ساتھ قریبی بی آئی ایس پی دفتر یا کیمپ جا کر بائیومیٹرک تصدیق کے بعد سم حاصل کر سکتی ہیں۔
انہوں نے تاکید کی کہ یہ سم مکمل طور پر مفت ہے اور اس کے حصول کے لیے کسی کو کوئی رقم نہ دی جائے، جبکہ سوشل پروٹیکشن والیٹ صرف بی آئی ایس پی کے ذریعے ہی بنایا جائے گا۔
مزید بتایا گیا کہ مستقبل میں تمام مالی ادائیگیاں اسی نظام کے ذریعے منتقل ہوں گی اور ادائیگیوں سے متعلق پیغامات بھی اسی سم پر موصول ہوں گے، تاکہ شفافیت اور سہولت کو یقینی بنایا جا سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






