اسلام آباد: حکومت نے اسپینش ریذیڈنٹ کارڈ کے حصول کے لیے پاکستانی تارکینِ وطن کی سہولت کے لیے اہم اقدامات کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز چوہدری سالک حسین کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پاکستانی تارکینِ وطن کو درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں اسپین میں مقیم پاکستانی سفیر اور قونصل جنرل نے بھی آن لائن شرکت کی اور حالات سے آگاہ کیا۔ فیصلہ کیا گیا کہ غیر قانونی طور پر موجود پاکستانیوں کو رجسٹریشن سے پہلے ضروری دستاویزات ایک ہفتے کے اندر جاری کی جائیں گی، جس سے تقریباً 15 ہزار افراد قانونی حیثیت حاصل کر سکیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ پاسپورٹ کی فراہمی اولین ترجیح ہے، مگر کسی بھی ایسے شخص کو پاسپورٹ نہیں دیا جائے گا جس کا مجرمانہ ریکارڈ ہو۔ اسپین میں سفارت خانے کے پاسپورٹ سیکشن کے لیے فوری اضافی عملہ بھی تعینات کیا جائے گا، جبکہ کریکٹر سرٹیفکیٹ کی تصدیق کا عمل بھی آسان اور ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے گا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ اب تک 10 ہزار افراد کو اتھارٹی لیٹرز جاری کیے جا چکے ہیں اور تمام متعلقہ ادارے دستاویزات کی بروقت فراہمی کے لیے مکمل طور پر متحرک ہیں، جس سے پاسپورٹ اور کریکٹر سرٹیفکیٹ کے اجرا کی رفتار میں نمایاں تیزی آئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






