پیٹرول پمپ مالکان نے قیمتوں کے طریقہ کار پر شدید احتجاج کرتے ہوئے حکومت کو پیٹرول پمپس بند کرنے کی دھمکی دے دی۔
تفصیلات کے مطابق آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے موجودہ طریقہ کار پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کو وارننگ جاری کر دی ہے۔
ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین نعمان بٹ نے واضح کیا ہے کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند کر دیے جائیں گے۔
ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین نعمان بٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اہم نکات اٹھاتے ہوئے وزیر پیٹرولیم سے مطالبہ کیا کہ قیمتوں میں اضافے اور تعین کے طریقہ کار پر ایسوسی ایشن کو فوری طور پر اعتماد میں لیا جائے۔
نعمان بٹ کا کہنا تھا کہ ملک بھر کے 15 ہزار پیٹرول پمپ مالکان اس طریقہ کار سے مطمئن نہیں ہیں اور ان کے تحفظات کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ملک کی موجودہ معاشی صورتحال کے پیش نظر مزید کوئی بحران پیدا کرنا دانشمندی نہیں ہوگی، لہٰذا حکومت کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
ایسوسی ایشن نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ اگر مذاکرات کے ذریعے مطالبات منظور نہ کیے گئے تو پیٹرول پمپس کی بندش سے پیدا ہونے والی تمام تر صورتحال کے ذمہ دار وزیر پیٹرولیم خود ہوں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






