امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران میں رجیم چینج کا دعویٰ کر دیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے بجلی گھروں پر حملے پانچ روز کے لیے مؤخر کرنے کے بعد کہا ہے کہ ایران معاہدے کے لیے بے چین ہے اور تہران میں جاری صورتحال کو رجیم تبدیلی قرار دیا جا سکتا ہے۔

فاکس نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ کسی بھی وقت پانچ دن کے اندر معاہدہ ممکن ہے اور امریکا اس حوالے سے پرعزم ہے۔

اس سے قبل ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ایران کے ساتھ مثبت اور تعمیری بات چیت ہوئی ہے، جس کے باعث ایران کے بجلی گھروں اور توانائی تنصیبات پر حملے عارضی طور پر روک دیے گئے ہیں تاکہ مذاکرات کو موقع دیا جا سکے۔

دوسری جانب ایران نے امریکا کے ساتھ براہ راست مذاکرات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن کے ساتھ کوئی بات چیت نہیں ہو رہی اور امریکی بیانات کا مقصد علاقائی کشیدگی کم کرنے کے بجائے دیگر مقاصد حاصل کرنا ہے۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ جنگ جاری ہے اور امریکا ایک بار پھر اپنے مقاصد میں ناکام ہو رہا ہے، جبکہ ایران نے واضح کیا ہے کہ وہ ہر صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close