امریکا نے پاکستان کے میزائل پروگرام کو خطرہ قرار دے دیا

امریکا نے پاکستان کی میزائل صلاحیت کو اپنے لیے ممکنہ خطرہ قرار دے دیا ہے۔

امریکا کی ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس تلسی گیبارڈ نے پاکستان کو ان ممالک میں شامل کیا ہے جو امریکا کے لیے نمایاں خطرہ بن سکتے ہیں۔

سینیٹ انٹیلی جنس کمیٹی میں 2026 کی سالانہ خطرات سے متعلق رپورٹ پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت روس، چین، شمالی کوریا اور ایران جدید میزائل سسٹمز پر کام کر رہے ہیں جو امریکی سرزمین کو نشانہ بنانے کی صلاحیت حاصل کر سکتے ہیں۔

تلسی گیبارڈ کے مطابق پاکستان کا طویل فاصلے تک مار کرنے والا بیلسٹک میزائل پروگرام مستقبل میں بین البراعظمی بیلسٹک میزائل (ICBM) تک ترقی کر سکتا ہے جو امریکا تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتا ہوگا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئندہ دہائی میں میزائل خطرات میں نمایاں اضافہ متوقع ہے اور اندازہ ہے کہ 2035 تک امریکا کو درپیش میزائل خطرات کی تعداد 3 ہزار سے بڑھ کر 16 ہزار سے تجاوز کر سکتی ہے۔

رپورٹ میں جنوبی ایشیا کی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا، جہاں عسکریت پسند گروہوں کو امریکی مفادات کے لیے مستقل خطرہ قرار دیا گیا ہے۔

تلسی گیبارڈ نے کہا کہ یہ گروہ سیاسی عدم استحکام اور غیر منظم علاقوں سے فائدہ اٹھا کر اپنی صلاحیتیں بحال کرنے کی کوشش کریں گے۔

رپورٹ میں پاکستان اور بھارت کے تعلقات کو بھی اہم قرار دیتے ہوئے خبردار کیا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی جوہری تصادم کے خطرے کو بڑھا سکتی ہے۔

ادھر ایران کے حوالے سے کہا گیا کہ حالیہ جنگ کے باوجود وہ اور اس کے اتحادی اب بھی امریکا اور خلیجی ممالک کے مفادات کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

امریکی حکام کے مطابق خطے میں بڑھتی کشیدگی اور طاقت کے استعمال کے رجحان میں اضافہ عالمی سیکیورٹی کے لیے نئے چیلنجز پیدا کر رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close