عمران خان ڈیل کیلئے تیار؟ رانا ثنااللہ کا نیا بیان جاری

مشیر وزیراعظم رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی پالیسی میں سیاستدانوں سے بات چیت شامل نہیں اور تحریک انصاف کسی سیاسی جماعت سے رابطہ نہیں کرنا چاہتی۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ جب تک بانی پی ٹی آئی جیل میں ہیں، تحریک انصاف مذاکرات نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات اور ڈیل کے خواہاں ہیں۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر واضح کر چکے ہیں کہ وہ سیاسی جماعتوں سے بات نہیں کریں گے اور بانی کی ملاقاتوں کو ریاست کے خلاف بیانیے کے لیے استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے تحریک انصاف کو مذاکرات کے لیے حکومت سے رابطہ کرنے کا مشورہ دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا افغانستان پر قبضہ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں اور نہ ہی کسی علاقے پر دعویٰ ہے، تاہم جب تک افغانستان کی جانب سے مؤثر یقین دہانی نہیں کرائی جاتی، آپریشن جاری رہے گا۔

رانا ثنااللہ کے مطابق افغان طالبان حکومت کو دہشت گردوں کے تربیتی کیمپس سے متعلق شواہد فراہم کیے گئے ہیں، تاہم انہوں نے کارروائی سے معذوری ظاہر کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے اور آئندہ بھی ایسی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی اور عسکری قیادت نے ایران، سعودی عرب اور امریکا کو صورتحال سے مکمل آگاہ رکھا ہے اور پاکستان کے مؤقف پر ان ممالک کو اعتماد حاصل ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close