عید کے چاند کے حوالے سے محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے پاکستان میں عید الفطر 2026 کے موقع پر شوال کے چاند کی رویت سے متعلق پیشگوئی جاری کر دی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر انجم نذیر نے بتایا ہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 19 مارچ کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔

انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 12 گھنٹے ہوگی، جبکہ ٹیلی اسکوپ کے ذریعے چاند کو دیکھنے کے لیے بھی اس کی عمر کم از کم 14 گھنٹے ہونا ضروری ہوتی ہے۔ ان کے مطابق 12 گھنٹے کا چاند انسانی آنکھ سے دیکھنا ممکن نہیں ہوتا۔

انجم نذیر نے مزید بتایا کہ اس سال رمضان المبارک کے 30 روزے مکمل ہونے کی توقع ہے اور یکم شوال یعنی عید الفطر غالب امکان ہے کہ ہفتہ 21 مارچ 2026 کو ہوگی، تاہم اس بارے میں حتمی اور سرکاری اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی ہی کرے گی۔

محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق 19 مارچ 2026 کو شوال کا چاند نظر آنے کے امکانات تقریباً نہ ہونے کے برابر ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close