نیب نے مریم نواز سے متعلق ہائیکورٹ کا فیصلہ آئینی عدالت میں چیلنج کردیا

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے خلاف چوہدری شوگر ملز کیس میں لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو وفاقی آئینی عدالت میں چیلنج کر دیا ہے۔

نیب کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز کے خلاف انکوائری ختم کرنے کے معاملے میں چیئرمین نیب کے اختیارات میں غیر ضروری مداخلت کی۔ درخواست کے مطابق چوہدری شوگر ملز کیس نجی نوعیت کا معاملہ ہے اور اس میں قومی خزانے کو کسی قسم کا مالی نقصان نہیں پہنچا۔ نیب کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران مریم نواز کے خلاف کرپشن یا کسی بھی کرپٹ عمل کا کوئی واضح ثبوت سامنے نہیں آیا۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے نیب ترامیم کے سیکشن 31 بی (1) کی غلط تشریح کی۔ نیب کے مطابق چیئرمین نیب کو یہ مکمل قانونی اختیار حاصل ہے کہ وہ ریفرنس دائر ہونے سے پہلے کسی بھی کارروائی یا انکوائری کو ختم کر سکتا ہے۔ نیب نے مؤقف اپنایا کہ لاہور ہائیکورٹ نے انکوائری ختم کرنے کو احتساب عدالت کی منظوری سے مشروط کر کے قانون کی خلاف ورزی کی۔ نیب نے وفاقی آئینی عدالت سے استدعا کی ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کا 4 فروری 2026 کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close