کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ انہیں بار بار یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ سندھ کے گورنر کامران ٹیسوری ہی برقرار رہیں گے۔
جیو نیوز کے پروگرام “جیو پاکستان” میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کا معاہدہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہے، نہ کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ۔
انہوں نے کہا کہ اگر مسلم لیگ (ن) یہ سمجھتی ہے کہ پیپلز پارٹی ان کے لیے زیادہ اہم ہے تو وہ اسی کے ساتھ چلیں۔ ان کا کہنا تھا کہ “معرکۂ حق” کے بعد “معرکۂ معیشت” میں بھی کامران ٹیسوری نے اہم کردار ادا کیا ہے۔
فاروق ستار نے مزید کہا کہ فیصلے پس پردہ کیے جا رہے ہیں، جبکہ ایم کیو ایم کو اپنی سیاسی ساکھ برقرار رکھنے کے لیے اس معاملے کو ریڈ لائن سمجھنا چاہیے۔
انہوں نے بتایا کہ گورنر کی ممکنہ تبدیلی کے معاملے پر ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی افطار کے بعد پارٹی اجلاس طلب کریں گے، جس میں آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





