وزیراعظم کا آئندہ بجٹ میں ڈائریکٹ ٹیکسز میں کمی کا اعلان

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ گورننس فورم ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوگا اور بالواسطہ ٹیکسز میں چوری کو روکا جائے گا جبکہ اگلے بجٹ میں ڈائریکٹ ٹیکسز میں کمی کی جائے گی۔

پاکستان گورننس فورم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گورننس فورم ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے اہم کردار ادا کرے گا، اڑان پاکستان پروگرام کو احسن اقبال بہترین انداز میں چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جون 2023 میں پاکستان دیوالیہ ہونے کے دہانے پر تھا تاہم ملکی پہیہ چلانے کے لیے اقدامات کیے گئے اور کرپشن زدہ اداروں کا خاتمہ کیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کرپشن کا مرکز تھا جسے رمضان کے دوران ختم کیا گیا کیونکہ اس ادارے کے ذریعے لوگوں کی جیبوں سے اربوں روپے نکل رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ 200 ارب روپے کی بجلی چوری پر قابو پایا گیا جو معمولی بات نہیں تھی، اسی طرح بجلی کی قیمت میں سات روپے فی یونٹ کمی کی گئی۔ پی ڈبلیو ڈی کو بھی ختم کیا گیا اور اس کے خاتمے کے خلاف آنے والی سفارشات کو مسترد کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سولر کے حوالے سے جائز موقف کو بھی سنا گیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ آج ملک کی مجموعی اقتصادی صورتحال بہتر ہے، شرح سود 22 فیصد سے کم ہوکر سنگل ڈیجٹ پر آ گئی ہے اور مزید محنت کرکے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close