انا للہ و انا الیہ راجعون ،پاکستان کے معروف مزاحیہ شاعر انتقال کرگئے

معروف مزاحیہ شاعر اور نعت گو سید سلمان گیلانی طویل علالت کے بعد قضائے الٰہی سے انتقال کر گئے۔ مرحوم کی عمر 74 برس تھی۔

سید سلمان گیلانی دل اور جگر کے عارضے میں مبتلا تھے اور کچھ عرصے سے شیخ زید ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ مرحوم نے ایک بیٹا اور دو بیٹیوں کو سوگوار چھوڑا ہے۔ ان کے صاحبزادے اسامہ نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ ان کے والد کو گزشتہ کچھ دنوں سے نمونیا کا عارضہ بھی لاحق تھا، ان کی نماز جنازہ کل ان کی رہائش گاہ وحدت روڈ پر ادا کی جائے گی۔

سید سلمان گیلانی کو مذہبی اور ادبی حلقوں میں خاص مقام حاصل تھا۔ وہ ختم نبوت کے پرجوش حامی اور تحریک ختم نبوت کے معروف رہنما سید امین گیلانی کے صاحبزادے تھے۔ انہوں نے اپنے والد کی طرح دین اسلام، نعت رسول ﷺ اور سماجی موضوعات پر منفرد انداز میں شاعری کی۔

سید سلمان گیلانی 1951 میں لاہور میں پیدا ہوئے اور زندگی بھر ادب، مذہب اور سماجی مسائل پر اپنا قلم استعمال کرتے رہے۔ ان کی کتاب “میری باتیں ہیں یاد رکھنے کی” بھی کافی مقبول رہی، جس میں ان کی یادداشتیں اور واقعات شامل ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close