سابق گورنر اور سابق وزیراعلیٰ سمیت اہم سیاسی رہنماؤں کی استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت

گلگت بلتستان کے سیاسی رہنماؤں نے استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔

گلگت بلتستان کے سابق گورنر راجا جلال، سابق وزیراعلیٰ حاجی گلبر خان، سابق قائد حزب اختلاف کیپٹن (ر) شفیع، سابق وزرا فتح اللہ خان، حاجی شاہ بیگ، شمس اللہ حق، مولانا سلطان رئیس اور سابق وزیر دلشاد بانو نے استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے رہنماؤں کو مفلر پہنائے اور ان کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کی سیاست میں پہلی مرتبہ استحکام پاکستان پارٹی شامل ہو رہی ہے اور پارٹی گلگت بلتستان میں ترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئی پی پی کا سب سے بڑا منشور ترقی، خوشحالی اور روزگار کی فراہمی ہے، جبکہ مختلف سیاسی جماعتوں کے ساتھ ان کا رابطہ ہو چکا ہے اور جلد اس کی تفصیلات سامنے لائی جائیں گی۔

عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ پوری پارٹی اپنے گلگت بلتستان کے بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہوگی اور پورے پاکستان سے پارٹی کارکن گلگت بلتستان کی الیکشن مہم میں حصہ لیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے پاس اتنے وسائل موجود ہیں کہ وہ وفاق کی مدد کر سکتا ہے، صرف سیاحت کے شعبے سے اربوں ڈالر حاصل کیے جا سکتے ہیں اور ٹول پلازوں کے ذریعے بھی خطیر آمدن ممکن ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close