پشاور (پی این آئی) خیبرپختونخواہ حکومت نے نشے سے پاک مہم کے دوران نشہ چھوڑ کر صحت یاب ہونے والے افراد کو روزگار فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ علی امین گنڈا پور کی زیر قیادت اور کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی زیر نگرانی نشے سے پاک پشاور مہم میں زیرِ علاج افراد کا علاج اگلے ماہ 7 مارچ کو مکمل ہو جائے گا، اس حوالے سے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی زیر صدارت جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں میں ایڈشنل ڈپٹی کمشنر پشاور، ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر سمیت تمام بحالی مراکز کے منتظمین نے شرکت کی، اس موقع پر حکام نے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کو نشے کے عادی افراد کی صحت کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا، کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے زیرِ علاج نشے کے عادی افراد کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور علاج پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صحت یاب ہونے والے افراد کو دوبارہ نشے کی جانب جانے سے بچانے کے لئے ان کو باعزت روزگار دیا جائے گا، صحتیاب ہونے والے 300 ہنرمند افراد کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے لئے ان کی مدد کی جائے گی جبکہ باقی افراد کو ڈبلیو ایس ایس پی، پی ڈی اے اور دیگر پرائیوٹ اداروں میں روزگار دیا جائے گا۔ اس مقصد کے لئے اگلے ہفتے تاجروں، صنعت کاروں اور مخیر حضرات کا اجلاس طلب کیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں