رمضان میں غریب خاندانوں کوکتنےکتنے ہزار روپے دیے جائیں گے؟

پشاور (پی این آئی) خیبرپختونخواہ حکومت کا رمضان المبارک کے دوران غریب خاندانوں کو 10 ہزار روپے دینے کا فیصلہ، تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے مستحق خاندانوں کیلئے خصوصی رمضان پیکیج کا اعلان کر دیا، رمضان پیکیج کے تحت 8 ارب روپے تک کی رقم تقسیم کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی خیبرپختونخواہ حکومت نے رمضان المبارک کے دوران صوبے کے غریب عوام کیلئے خصوصی پیکج دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس فیصلے کے تحت خیبر پختونخواہ حکومت نے مستحق خاندانوں کیلئے خصوصی رمضان پیکیج کا اعلان کردیا۔ صوبائی کابینہ کی جانب سے صوبے کے ہر مستحق خاندان کو رمضان المبارک میں 10، 10 ہزار روپے دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ صوبائی حکومت کے اس فیصلے کے تحت خیبر پختونخواہ کے 115 حلقوں سے 5 ہزار خاندانوں کا انتخاب کیا جائے گا، ہر مستحق خاندان کو رمضان کے پہلے عشرے میں 10 ہزار روپے کا چیک دیا جائے گا۔

مستحق خاندانوں کے انتخاب کیلئے حکومت نے مختلف محکموں کو ٹاسک دے دیا۔ صوبے میں رمضان پیکیج کے تحت 8 ارب روپے تک کی رقم تقسیم کی جائے گی، رمضان پیکیج کی تقسیم کی مانیٹرنگ وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور سے کی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close