اسلام آباد (پی این آئی)بانی پی ٹی آئی عمران خان سے وکلا نے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی، جس میں عمران خان نے اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی سے متعلق بھی گفتگو کی۔
تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کرنے والے وکلا میں قاضی انور، فیصل چوہدری، علی اعجاز بٹر، پرویز اقبال، رائے سلمان کھرل شامل تھے۔ قبل ازیں بانی پی ٹی آئی کی فیملی نے بھی اڈیالہ جیل کے کانفرنس روم میں عمران خان سے ملاقات کی، جس میں 190 ملین پاؤنڈز کیس پر عدالت کی جانب سے دی گئی سزا سے متعلق بات چیت کی گئی۔
وکلا کی عمران خان سے ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر وکیل فیصل چوہدری نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں مختلف امور پر صلاح مشورہ ہوا۔انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے وکلا سے ملاقات میں بات کرتے ہوئے کہا کہ 26ویں ترمیم نے عدلیہ کا حلیہ بگاڑ دیا ہے۔ جو چیز حکومت کے خلاف جائے گی، وہ کیس کسی اور کو ٹرانسفر ہو جائے گا۔ اس سے صاف شفاف انصاف کا نظام تباہ ہو جائے گا جب کہ پی ٹی آئی آزاد اور مضبوط عدلیہ کے حق میں ہے۔
اپنی اہلیہ سے متعلق وکلا سے بات کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ بشریٰ بی بی بھی اس غلامانہ انصاف کے نظام کا شکار ہے،وہ اس نظام کو قبول نہیں کریں گے ۔ فیصل چوہدری نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی آزاد عدلیہ اور قانون کی حکمرانی کے لیے مزید جدوجہد کے لیے تیار ہیں۔
فیصل چوہدری نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے علی امین اور سلمان اکرم کو ہدایت دی ہے کہ انسانی حقوق کی پٹیشنز نہ سننے پر خط لکھیں۔ ایپکس کمیٹی میں جو الزامات لگائے گئے ہیں، ان کا جواب دیں گے ۔ ہم منصور علی شاہ،جسٹس عائشہ کے نوٹ کی حمایت کرتے ہیں ۔ تمام بار ایسوسی ایشنز میں عدلیہ کی آزادی و بحالی کے لیے بھرپور مہم چلائیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں