پنجاب حکومت کے ترقیاتی منصوبے کے خلاف مری میں گرینڈ جرگہ

پنجاب حکومت کے’مری ڈیولپمنٹ پلان’ کے خلاف مری میں گرینڈ جرگے کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف سیاسی جماعتوں، تاجروں اور عوام نے شرکت کی۔

مری کے علاقے لوئر ٹوپہ کے مقام پر گرینڈ عوامی جرگہ منعقد ہوا جس میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، سابق ایم این اے صداقت عباسی سمیت مختلف رہنماؤں نے جرگے سے خطاب کیا اور 27 دسمبر کو مری کے تمام چھوٹے بڑے بازاروں میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کر دیا گیا۔

گرینڈ جرگے سے ن لیگ نے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کیا۔ جرگے میں تحریک انصاف، پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی اور جمعیت علماء اسلام نے بھی بھرپور شرکت کی۔ آج مال روڈ اور جھیکا گلی سمیت مختلف چھوٹے بڑے کاروباری مراکز بند رہے۔جرگہ مری میں جھیکاگلی چوک کی ری ماڈلنگ، مال روڈ پر سیکشن فور اور ایکسپریس وے پر آپریشن کے خلاف منعقد کیا گیا تھا۔ حکومت کی جانب سے دفعہ 144 نافذکی گئی تھی۔

شاہد خاقان عباسی نے جرگے سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ میں جس نواز شریف کو جانتا ہوں وہ لوگوں کو روزگار دیتا ہے چھینتا نہیں۔ یہ کیسی حکومت ہے جو اپنے لوگوں کو اعتماد میں لیے بغیر اُن کی بلڈنگ توڑ رہی ہے اور روزگار چھین رہی ہے، ہر چیز کا حل موجود ہے، عوامی طاقت کے آگےکوئی حکومت مقابلہ نہیں کرسکتی۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میری 37 سالہ سیاسی تاریخ میں کبھی مری میں دفعہ 144 نافذ نہیں ہوئی۔ حکومت مری میں کوئی بھی قدم اُٹھانے سے پہلے عوام کو اعتماد میں لے اور تخفظات دور کرے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close