پاکستان میں ایپل آئی فون 16 سیریز کے باضابطہ اعلان کے بعد مارکیٹ میں آئی فونز کی قیمتوں اور پی ٹی اے ٹیکس میں واضح کمی کر دی گئی ۔
رواں سال ستمبر میں آئی 16 متعارف ہونے کے بعد اس کی قیمتیں دنیا بھر میں آسمان سے باتیں کر رہی تھیں، پاکستان میں جہاں کوئی ایپل اسٹور نہیں ہے ، نئے آئی فونز پریمیم قیمتوں پر دستیاب تھے تاہم اکتوبر میں ایپل کے پاکستان میں تسلیم شدہ ڈسٹری بیوٹر مرسینٹائل نے آئی فون 16 سیریز کی باضابطہ قیمتوں کا اعلان کیا جو ایپل اسٹور کی قیمتوں کے عین مطابق تھیں۔
ایپل سٹور پر 1200 ڈالرز کا بکنے والا آئی فون 16 پرو میکس پاکستان میں 5 لاکھ 40 ہزار روپے پر لانچ کیا گیا جس میں پی ٹی اے ٹیکس بھی شامل تھا۔آئی فون 16 لانچ ہونے کے ابتدائی دنوں میں جہاں پاکستانی صارفین ریٹلیرز اور ری سیلرز کو بھاری ادائیگیاں کر رہے تھے وہیں 2 لاکھ سے زائد پی ٹی اے ٹیکس بھی ادا کرنا پڑ رہا تھا۔
گزشتہ عرصے میں آئی فون 16 پرو میکس کا شناختی کارڈ پر پی ٹی اے ٹیکس 2 لاکھ 13 ہزار جبکہ پاسپورٹ پر 1 لاکھ 83 ہزارکے قریب تھا جو اب فون کی قیمتوں کے ساتھ ہی کم ہو چکا ہے۔پی ٹی اے کسی بھی فون پر ٹیکس کا تعین اس کی قیمت، ٹیکس ریٹ، کسٹمز ڈیوٹی اور سیلز ٹیکس کو مد نظر رکھتے ہوئے کرتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں