پشاور (پی این آئی)خیبرپختونخوا حکومت نے 24 نومبر کو احتجاجی کارکنان پر تشدد پر تین روزہ سوگ کا اعلان کردیا۔
وزیرقانون آفتاب عالم آفریدی نے کہا کہ 25 سے 27 نومبر کو پرامن احتجاج کیا گیا، مگر احتجاجی مظاہرین پر بربریت کی گئی اور صوبے کے چیف ایگزیکٹو پر براہ راست فائرنگ کی گئی۔ وزیرقانون کا کہنا تھا کہ اس سانحے پر حکومت خیبرپختونخوا تین روزہ سوگ کا اعلان کرتی ہے۔واضح رہے کہ وزیراعلی ہاؤس پشاور میں پاکستان تحریکِ انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس جاری تھا کہ اس دوران پختونخوا اسمبلی کا ہنگامی اجلاس آج رات 9 بجے طلب کیا گیا۔
اسمبلی کا اجلاس سوا گھنٹے تاخیر کے بعد شروع ہوا جس کی صدارت اسپیکر بابر سلیم سواتی نے کی۔اجلاس میں پی ٹی آئی اسلام آباد احتجاج پر بحث ہوئی اس دوران اسپیکر نے کہا کہ آئین کا ارٹیکل 16 شہریوں کو احتجاج کا حق دیتا ہے، 24 نومبرکو پی ٹی ائی نے پر امن احتجاج کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے سیکڑوں کارکنان کو گرفتار کر لیا گیا، ورکزکی کوششوں سےوزیراعلیٰ نکلنے میں کامیاب ہوئے۔
اس سے قبل کور کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے احتجاج کے دوران جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کے گھر جانے اور متعلقین و ورثا کو دلاسا دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔آج نیوز کے نمائندے کے مطابق اجلاس میں خیبر پختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور کے علاوہ بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجا، فیصل جاوید، شیخ وقاص اور مینا خان شریک ہوئے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں