پی ٹی آئی کے لاہور سمیت دیگر جلسے شیڈول کے مطابق ہوں گے یا نہیں؟

اسلام آباد (پی این آئی) چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے لاہور سمیت تمام جلسے شیڈول کے مطابق ہوں گے، اگر ہمیں اسپیس نہیں دیں گے توانتہاپسنداور علیحدگی پسند، غیرسیاسی قوتیں زور پکڑیں گی، پی ٹی آئی 70فیصد عوام کی نمائندگی کرتی ہے، اب راستے بند نہ کئے جائیں بلکہ راستہ ڈھونڈنا ہوگا۔

انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج 10ستمبر2024 پاکستان کی جمہوریت کا کالا دن مانا جائے گا، دس ستمبر کا سانحہ کوئی نہیں بھولے گا ، کل نقاب پوش ایوان میں داخل ہوئے اور ہمارے 10ایم این ایز گرفتار کرلئے گئے۔ میں خود باہر آیا تھا میں نے گرفتار ی دینی تھی، ہم نے کبھی مزاحمت کی ہے اور نہ کریں گے۔مجھے پتا چلا کہ پارلیمنٹ کے باہر پولیس کی بھاری نفری موجود ہے، میں اور شیر افضل مروت کل اسمبلی کے باہر گرفتار ہوگئے تھے۔

ارکان کی ایوان سے گرفتاری ایوان پر حملہ ہے، توقع کرتے ہیں کہ اسپیکر قومی اسمبلی تہہ تک چھان بین کریں گے اور سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر لائی جائے گی، اس مرتبہ کسی عام بندے کو سزا نہیں ملے گی بلکہ تہہ تک جایا جائے گا۔ ہمارے ساتھ سختیاں ہوئیں، ہماری ماؤں بہنوں سے چادریں کھینچی گئی، بچوں کو زدوکوب کیا گیا، چادر چار دیواری کی پامالی ہوئی۔

ہمارے کاروبار تباہ ہوئے، لیکن ملک جمہوریت کی خاطر ہمارے ساتھیوں نے اس کو معاف کیا۔الیکشن کے نتائج کو تبدیل کیا گیا، ہم دھرنے یا بائیکاٹ کی طرف نہیں گئے، پارلیمنٹ میں رہے، پی ٹی آئی ملک کی70فیصد عوام کی نمائندگی کرنے والی جماعت ہے، اگر ہمیں اسپیس نہیں دیں گے تو غیرسیاسی قوتیں زور پکڑیں گی۔انتہاپسنداور علیحدگی پسند قوتیں زور پکڑیں گی، جو قوتیں صلح نہیں چاہتی وہ زور پکڑیں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں