بھارتی ٹیم کے معروف کرکٹر نے سیاست کے میدان میں قدم رکھ دیا

ممبئی (پی این آئی )بھارتی کرکٹ ٹیم کے ایک اور آل راؤنڈر رویندرا جڈیجا نے بھی اہلیہ کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے سیاسی میدان میں قدم رکھ دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کو ٹی20 ورلڈکپ جتوانے والی ٹیم کے رکن رویندرا جڈیجا نے بھارت کی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو جوائن کرلیا۔جڈیجا کی سیاست میں شمولیت کا اعلان بھارتی آل راؤنڈر کی اہلیہ ریوابا جڈیجا نے کیا، جو خود بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ ہیں۔آل راؤنڈر کی اہلیہ ریوابا گجرات کے شہر جام نگر سے بی جے پی کی ایم ایل اے منتخب ہوئیں، وہ سال 2022 میں رکن پارلیمنٹ ہوئیں تھی۔قبل ازیں کرتی آزاد، محمد اظہر الدین، نوجوت سنگھ سدھو، محمد کیف، چیتن چوہان، ونود کامبلی اور منوج پربھارکر سمیت کئی بھارتی کرکٹرز سیاست کا رخ اختیار کر چکے ہیں۔

سب سے پہلے سیاست کے میدان میں آنے والے بھارتی کرکٹر سابق کپتان نواب منصور علی خان پٹودی تھے جنہوں نے لوک سبھا کی دو نشستوں سے انتخاب لڑا لیکن دونوں ہار گئے اور پھر سیاست سے کنارہ کشی اختیار کر لی۔واضح رہے کہ رویندرا جڈیجا نے 72 ٹیسٹ میچوں میں 3 ہزار سے زائد رنز اور 294 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ون ڈے میں انہوں نے بھارتی کی جانب سے 197 میچ کھیلے ہیں جس میں انہوں نے 2 ہزار 756 رنز بنائے اور 220 وکٹیں لیں۔اس کے علاوہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں جڈیجا نے 74 میچوں میں 515 رنز اور 54 وکٹیں حاصل کیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close