برطرف وزیر کے حق میں بیان کیوں دیا؟ علی امین گنڈاپور نے رکن قومی اسمبلی کوعہدے سے ہٹا دیا

پشاور (پی این آئی)خیبرپختونخوا کابینہ سے برطرف سابق وزیر شکیل خان کے حق میں بیان دینا پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی جنید اکبر کو مہنگا پڑ گیا۔

جنید اکبر نے کابینہ سے ہٹائے جانے پر شکیل خان کے حق میں بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ شکیل خان کو ہٹانے کے طریقہ کار سے اختلاف کرتے ہیں۔ شکیل خان کے حق میں بیان دینا جنید اکبر کو مہنگا پڑ گیا۔وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے جنید اکبر کو فوکل پرسن برائے اراکین قومی اسمبلی کے عہدے سے ہٹا دیا۔ ان کی جگہ ایم این اے شاہد خٹک کو نیا فوکل پرسن تعینات کردیا گیا۔

دوسری جانب جنید اکبر نے ‏رکن قومی اسمبلی شاہد خٹک کو فوکل پرسن بننےپرمبارکباد دی اور کہا کہ اس ذمہ داری کو پوری کرنا میرے لیے ممکن نہ تھا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کو اس بہترین فیصلے پرداد دیتا ہوں، پہلے بھی پارٹی کےساتھ تھااوراب بھی ہوں۔یاد رہے کہ خیبر پختونخوا کے سابق وزیر برائے کمیونیکیشن اینڈ ورکس شکیل خان نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا تاہم وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور نے اپنے بیان میں کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی منظوری سے بنائی گئی گڈ گورننس کمیٹی نے شکیل خان کی کارکردگی پر انہیں ہٹانے کی منظوری دی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں