خیبر پختونخوا حکومت کا سرکاری رہائشگاہ نہ رکھنے والے وزرا کیلئے بڑا اعلان

پشاور(پی این آئی)خیبر پختونخوا (کے پی) کابینہ نے سرکاری رہائش گاہ نہ رکھنے والے وزرا کو 2 لاکھ روپے ماہانہ ہاؤس سبسڈی اور ڈی آئی خان میں قائم ہونے والے خیبرپختونخوا ہاؤس کے لیے 35 اسامیاں تخلیق کرنے کی منظوری دے دی۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت صوبائی کابینہ اجلاس ہوا جس میں میئر اور تحصیل چیئرمین کا معاوضہ 40 ہزار سے بڑھا کر 80 ہزار روپے جب کہ یونین کونسل اور ویلیج کونسل چیئرمین کا معاوضہ 20 ہزار روپے سے 30 ہزار روپےکرنےکی منظوری دے دی گئی۔اجلاس میں کابینہ نے سرکاری رہائش گاہ نہ رکھنے والے وزرا کو 2 لاکھ روپے ماہانہ ہاؤس سبسڈی دینےکی منظوری بھی دی۔کابینہ نے الیکشن ٹربیونل میں ریٹائرڈ ججوں کی تقرری سے متعلق قراداد وفاقی حکومت کو بھیجنے کی منظوری بھی دی، جس میں وفاقی حکومت سے الیکشن ٹربیونل میں ریٹائرڈ ججوں کی تقرری واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

اس دوران علی امین گنڈاپور نے کہا کہ کابینہ اراکین تمام ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کریں۔وزیرِ اعلیٰ کی جانب سے ضم اضلاع میں مقامی لوگوں کی بھرتیوں کو یقینی بنانےکی ہدایت دی گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں