روٹی کی قیمت میں پھر اضافہ؟ عوام کیلئے بُری خبر آگئی

راولپنڈی (پی این آئی) روٹی مہنگی ہونے کا امکان۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی نان بائی ایسوسی ایشن کی جانب سے روٹی کی قیمت میں اضافہ کا عندیہ دیا گیا ہے۔ صدر نان بائی ایسوسی ایشن کے مطابق بڑھتی ہوئی مہنگائی میں تندور چلانا نا ممکن ہوچکا، بجلی اور آٹے کی بڑھتی قیمتوں میں روٹی سرکاری نرخوں پر فروخت نہیں کرسکتے۔ نان بائی ایسوسی ایشن نے بجلی اور آٹے کی قیمتوں کو کم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ جبکہ اس سے قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تندوروں پر روٹی اور نان کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کر دیا گیا۔

کیپٹل نان بائی ایسوسی ایشن اسلام آباد نے روٹی اور نان کی قیمت بڑھانے کا اعلان کر دیا۔ صدر کیپٹل نان بائی ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں روٹی اور نان پرانے ریٹ پر فروخت کرنا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ 7 ہزار 3 سو روپے میں ملنے والی فائن آٹا کی بوری 9 ہزار روپے کی ہوگئی، لال آٹے کی 79 کلو کی بوری 6 ہزار 8 سو سے بڑھ کر 8 ہزار 4 سو روپے کی ہوگئی۔

صدر کیپٹل نان بائی ایسوسی ایشن نے کہا کہ ایل پی جی کی قیمت میں بھی فی کلو 50 روپے اضافہ کیا گیا ہے۔ اسی لیے اسلام آباد میں 10 جولائی سے روٹی 25 اور نان 30 روپے میں فروخت کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ دوسری جانب انکشاف ہوا ہے کہ پاکستان کی 70 سالہ تاریخ میں پہلی بار روٹی پر بھی ودہولڈنگ ٹیکس عائد کر دیا گیا۔ چئیرمین پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے مطابق ودہولڈنگ ٹیکس عائد ہونے سے فی کلوگرام آٹے کی قیمت میں 8روپے کا اضافہ ہوجائے گا، حکومت عام آدمی کی روٹی پر نظر رکھنے کے بجائے اس پر ودہولڈنگ ٹیکس واپس لینے کا اعلان کرے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close