پی ٹی آئی پر کسی کا باپ بھی پابندی نہیں لگا سکتا، وزیر اعلیٰ کے پی علی امین کا دبنگ اعلان

پشاور (پی این آئی)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر کسی کا باپ بھی پابندی نہیں لگا سکتا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے سپریم کمانڈ پوسٹ کوہاٹی گیٹ کا دورہ کیا اور محرم الحرام کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔علی امین گنڈاپور کے ہمراہ اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی، کمشنر پشاور اور سی سی پی او پشاور بھی موجود تھے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ یہ لوگ خود مینڈیٹ چوری کرکے بیٹھے ہوئے ہیں اور اس سیاسی جماعت پر پاپندی لگانے کی بات کر رہے ہیں، جس نے سب سے زیادہ ووٹ لیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مخصوص نشستوں سے متعلق کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد چیف الیکشن کمشنر کو استعفیٰ دے دینا چاہیے۔

علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فراہم کرنا صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے، صوبے کو دہشت گردی کا سب سے بڑا درپیش چیلنج ہے، فوج اور پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ محرم الحرام امن و امان سے گزر رہا ہے، تمام محکمے مل کر کام کر رہے ہیں، کمانڈ اینڈ کنٹرول پوسٹ تمام اضلاع میں قائم کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف پر کسی کا باپ بھی پاپندی نہیں لگا سکتا ، مینڈیٹ چور سب سے زیادہ ووٹ لینے والی پارٹی پر پابندی لگانے کی بات کررہے ہیں۔ وفاق سے ہمارا بنیادی حق نہیں دیا جارہا ہے، ان سے معیشت، ڈالر اور پیٹرول کی قیمتیں تک کنٹرول نہیں ہورہی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں