سوات(پی این آئی)سوات کے علاقے خوازہ خیلہ میں اسالہ کے مقام پر نجی سکول کی بس کھائی میں جاگری جس میں ایک بچہ جاں بحق جبکہ 30کے قریب بچے زخمی ہوگئے،زخمی بچوں کو فوری طورپر ہسپتال منتقل کر دیاگیا۔
تفصیلات کے مطابق نجی سکول کی بس خوازہ خیلہ کے علاقے میں گزر رہی تھی کہ بس موڑ کاٹتے ہوئے بریک فیل ہونے کی وجہ سے کھائی میں گری۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکاروں نے فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ کر زخمی بچوں کوخوازہ خیلہ ہسپتال منتقل کردیاگیا۔ریسکیو اہلکاروں کے مطابق بس حادثے کے نتیجے میں 30 بچے زخمی ہوگئے جبکہ ایک جاں بحق ہوگیا۔دوسری جانب ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان حادثے کانوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر خوازہ خیلہ سے رپورٹ طلب کرلی۔ ڈپٹی کمشنر نے وین کی حالت، فٹنس سرٹیفیکٹ سمیت دیگر تفصیلات بھی طلب کی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ اگر وین کا فٹنس سرٹیفکیٹ نہیں ہوا تو اسکول انتظامیہ کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی خیبر پختونخوا ہ کے ضلع سوات میں تیز رفتار وین کھائی میں جاگری تھی جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوگئے تھے۔حادثہ مالم جبہ روڈ پر تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، جس کے نتیجے میں پانچ افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے تھے۔ مقامی افراد نے لاشوں اور زخمیوں کو اپنی مدد آپ کے تحت مقامی ہسپتال منتقل کیا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں