قیدیوں کے لئے خوشخبری،بڑی سہولت مل گئی

لاہور (پی این آئی ) وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب جیل ریفارمز ایجنڈا پر عملدرآمد جاری رکھے ہوئے ہے۔

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق جیلوں سے عدالتوں میں پیشی پر جانے والے اسیران کی بڑی مشکل آسان کر دی گئی ہے۔ اب پنجاب بھر سے تمام قیدیوں کو عدالت روانگی سے قبل لنچ باکسز اور ٹھنڈے پانی کی بوتلیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ اب بخشی خانے میں قیام کے دوران اسیران دوپہر کا کھانا سہولت سے کھا سکتے ہیں۔

ترجمان کے مطابق پنجاب کی تمام 43 جیلوں میں روزانہ اوسطاً 7 ہزار قیدیوں کو عدالت جاتے ہوئے کھانا اور ٹھنڈا پانی دیا جا رہا ہے۔ قیدیوں کی فلاح کے اس پروگرام کو قیدیوں اور اہل خانہ کے ساتھ ساتھ انسانی حقوق کی تنظیموں اور فلاحی اداروں کی جانب سے زبردست پذیرائی ملی ہے۔ پنجاب بھر کی جیلوں میں معیاری آٹے کی فراہمی کیلئے آٹا چکیوں کی تنصیب کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ جیلوں میں ٹریکٹر و دیگر زرعی آلات فراہم کر دیئے گئے ہیں جن کی مدد سے جیلوں کی زمین کو قابلِ کاشت بنایا جارہا ہے۔ اس کے نتیجے میں قیدیوں کے کھانے کیلئے جیل ہی میں تازہ سبزیاں اور گندم اگائی جا رہی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close