قربانی کی کھالوں سے متعلق بڑا حکم آگیا

لاہور(پی این آئی) ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے کہا ہے کہ عید الاضحی پر کالعدم تنظیموں کو قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، ندی نالوں ڈیمز میں نہانے اور کشتی رانی پر پابندی ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے عید الاضحی کے تناظر میں اہم احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق کسی کالعدم تنظیم کو قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ترجمان نے بتایا کہ صرف چیریٹی کمیشن کے ساتھ رجسٹرڈ ادارے قربانی کی کھالیں وصول کر سکیں گے۔ عوامی مقامات پر سری پائے جلانے پر دفعہ 144 لاگو ہو گی اور عید کی چھٹیوں میں دریاؤں، ندی نالوں اور ڈیمز میں نہانے اور کشتی رانی کی اجازت نہیں ہوگی۔ جانوروں کے فضلے اور اوجھڑی کو مین ہول یا کینال میں پھینکنے پر بھی دفعہ 144 نافذ ہوگی۔

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا کہ انسانی جانوں کی حفاظت کیلئے عارضی نصب ہونے والے مکینیکل جھولوں پر پابندی عائد ہوگی۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر کی عید گاہوں، مساجد اور مدارس میں اضافی سکیورٹی انتظامات کی ہدایت کی ہے کہ تمام مویشی منڈیوں میں بھی بہترین سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں اور انتظامیہ یقینی بنائے کہ مویشی منڈیوں میں کسی قسم کا کمیشن یا بھتہ وصول نہ کیا جائے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ پنجاب بھر میں کوئی غیر قانونی مویشی منڈی قائم نہ ہونے دی جائے۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق مری اور گلیات میں سیاحوں کی آمد اور ٹریفک کنٹرول کیلئے ضروری حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں اور عید سے قبل تمام انتظامات یقینی بنانے کیلئے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز پولیس اور متعلقہ محکموں کے ساتھ بیٹھیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں