ضمنی الیکشن ، پی ٹی آئی کا ووٹر باہر کیوں نہیں نکلا؟ رانا ثنا اللہ کا بیان آگیا

لاہور(پی این آئی)مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ضمنی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کا ووٹر سپورٹر آج نہیں نکلا اور آج کا ووٹر ٹرن آؤٹ ان کیلئے بہت بڑا پیغام ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھاکہ ہم الیکشن نتائج سے مطمئن ہیں، ہمیشہ الیکشن نتائج کو تسلیم کیاہے، الیکشن نتائج پر اختلاف ہمیشہ سسٹم کے اندر رہ کر کیاہے۔ انہوں نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی ہمیشہ سسٹم کو بلڈوز کرنے کی کوشش کرتے ہیں، آج کا ووٹر ٹرن آؤٹ پی ٹی آئی کیلئے بہت بڑا پیغام ہے، پی ٹی آئی کا ووٹر سپورٹر آج نہیں نکلا، ضمنی الیکشن میں ووٹر ٹرن آؤٹ کم ہوتا ہے، پارٹی کا ووٹر سپورٹر نکلتا ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی نے اسمبلیوں میں نمونے بھیجے ہیں، علی محمد خان سے اپیل ہے سسٹم کو باہر سے بلڈوز کرنے کے بجائے آئیں ہمارے ساتھ بیٹھیں، آپ ماضی میں بھی ہمارے ساتھ نہیں بیٹھے ، ہم آج بھی کہتے ہیں آئیں بیٹھیں۔

راناثنا کا کہنا تھاکہ فارم 45 اور فارم 47 کا فرق دوسرے روز کا معاملہ ہے، فارم 45 ہر پولنگ اسٹیشن سے جاری ہورہا ہے، اگر پی ٹی آئی کو اتنا ہی اعتراض تھا تو الیکشن کا بائیکاٹ کردیتی، اگر سسٹم میں کوئی خرابی ہے تو آئیں بیٹھیں تو بات کریں۔ انہوں نے مزید کہ 2018 میں ہمارے ساتھ ناانصافی ہوئی، اس وقت بھی کہاکہ آئیں بیٹھیں ،بات کریں، ن لیگ نے ہمیشہ ملک کی بہتری کیلئے کام کیا ہے، سسٹم اور ملک کی بہتری بیٹھ کر بات کرنے میں ہے، جب بیٹھ کر بات چیت اورمذاکرات کیےجاتے ہیں ناممکن معاملات بھی حل ہوجاتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں