تحریک انصاف کیلئے بڑا دھچکا، جہانگیر ترین کو اہم کامیابی مل گئی

لودھراں(پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار پیر اقبال شاہ جہانگیر ترین کے حق میں دستبردار ہو گئے۔

 

 

پیر اقبال شاہ این اے 155 سے پی ٹی آئی کے امیدوار تھے ان کی دستبرداری کے بعد این اے 155 میں اب جہانگیر ترین اور صدیق بلوچ کے درمیان ون ٹو ون مقابلہ ہو گا۔اقبال شاہ کے بیٹے عامر اقبال شاہ نے اعلان کیا کہ میرے والد ایم این اے کا الیکشن نہیں لڑیں گے، میں پی پی 228 سے انتخابات میں حصہ لوں گا۔

 

 

جبکہ لودھراں میں انتخابی مہم سے خطاب میں جہانگیر ترین نے کہا کہ 8 فروری کو کوئی کارکن گھر نہ بیٹھے، یہ فیصلے کا دن ہے، عقاب پر مہر لگائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی کا منشور ’ملکی معیشت کو بہتر سے بہترین بنانا‘ ہے، انشاء اللّٰہ حکومت میں آکر لوگوں کو نوکریاں دیں گے۔ آئی پی پی سربراہ نے مزید کہا کہ زراعت میں انقلاب لانے کےلیے روڈ میپ تیار کر چکے ہیں، ہماری حکومت بنی تو وہ عوام کی حکومت ہوگی۔ اُن کا کہنا تھا کہ استحکام پاکستان پارٹی اشرافیہ کے بجائے غریب عوام کو ریلیف دے گی، عوام سے وعدہ ہے علاج کےلیے لودھراں سے باہر نہیں جانا پڑے گا۔

 

 

 

جہانگیر ترین نے یہ بھی کہا کہ لودھراں میں میرے کئی منصوبوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ میرے مخالفین سیاسی انتقام میں نہ جلتے تو آج لودھراں کی حالت مختلف ہوتی، سب سے پہلے میری سیاسی مخالفت میں روکے گئے منصوبے مکمل کراؤں گا۔ آئی پی پی سربراہ نے کہا کہ میرے مخالفین کے پاس کھوکھلے نعروں، الزامات کے علاوہ اور کچھ نہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں