مٹھائی کے وزن میں ڈبے کوشامل کرنے پر 3 سال قید یا ایک لاکھ روپے جرمانہ ہو گا

راولپنڈی (آئی این پی) ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز پرائسز ویٹس اینڈ میئرز عبدالقدوس طور نے راولپنڈی شہر میں 60 مٹھائی کی دکانوں کا دورہ کیا اور وہاں پر معیار اورصافی وزن کا جائزہ لیا۔ مٹھائی کی 2 دکانوں کو صافی وزن کے مطابق فروخت نہ کرنے پر 20 ہزار جرمانہ کیا گیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز پرائسز ویٹس اینڈ میئرز عبدالقدوس طور نے کہا کہ مٹھائی کی فروخت صافی وزن کے مطابق یقینی بنائی جائے گی۔

کسی کو صافی وزن کے مطابق فروخت نہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے ہدایت کی کہ تمام اوپن اشیا کو صافی وزن کے مطابق فروخت کیا جائے اور اس میں ڈبے یا پیکنگ کا وزن شامل نہیں ہے۔مٹھائی اور بیکری کی اشیاء میں پیکنگ کا وزن شامل کرنا جرم ہے۔خلاف ورزی پر تین سال قید یا ایک لاکھ روپے جرمانہ ہو سکتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں