لاہور (آئی این پی) ایف آئی اے نے مختلف کارروائیوں میں انسانی سمگلنگ ،حوالہ ہنڈی اور کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث 4ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔ترجمان کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور زون سرفراز ورک کی ہدایت پر انسانی سمگلروں کی گرفتاری کے لئے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور ریاض خان نے انسانی سمگلروں کی گرفتاری کے لئے خصوصی اسکواڈ تشکیل دئیے ہیں۔
اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور نے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیوں میں انسانی سمگلنگ کے گھنائونے جرم میں ملوث 2اشتہاریوں عبدالقیوم اور محمد مصطفی اشرف کو گرفتار کیا ۔ ملزم عبدالقیوم سال 2020جبکہ ملزم محمد مصطفی اشرف رواں سال سے مفرور تھا ۔ ملزمان شہریوں کو غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھجوانے میں ملوث تھے ، ملزم محمد مصطفی اشرف نے شہری کو آسٹریلیا بھجوانے کے لیے 20لاکھ روپے بٹورے، ملزم نے 20لاکھ وصول کر کے شکایت کنندہ کو جعلی ویزہ اسٹیکر دیا۔جبکہ ملزم عبدالقیوم نے شہری کو ترکی بھجوانے کے 3لاکھ 50ہزار بٹورے ،ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب ڈائریکٹر لاہور زون سرفراز ورک کی ہدایت پر حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف بھی کریک ڈائون جاری ہے اور ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل لاہور نے کاروائیاں کر کے حوالہ ہنڈی اور کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث 2ملزمان محمد نجیب اللہ اور محمد عادل کو گرفتار کر لیا ، ملزم محمد نجیب اللہ کو جاپان سنٹر لاہور جبکہ محمد عادل کو میو ہسپتال کے قریب سے گرفتار کیا گیا ۔ملزمان کرنسی کے غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث منظم ریکٹ چلا رہے تھے،ملزمان کے خلاف چھاپہ مار کاروائی خفیہ اطلاع ملنے پر عمل میں لائی گئی ۔ ملزمان سے مجموعی طور پر 45لاکھ 25ہزار پاکستانی روپے، 200امریکی ڈالر، 300قطری ریال اور 331ملائشین رنگٹ برآمد ہوئے، ملزمان سے ہنڈی حوالہ سے متعلق ریکارڈ بھی برآمد کر لیا گیا،ملزمان برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکے۔ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں