ممبئی (پی این آئی )افغانستان کیخلاف میکس ویل کے لاٹھی چارج نے پاکستان کا بھی فائدہ کر دیا، ممبئی میں افغان ٹیم کیخلاف آسٹریلیا کی تاریخی فتح نے سیمی فائنل تک پہنچنے کیلئے کوشاں قومی کرکٹ ٹیم کیلئے صورتحال قدرے آسان کر دی۔
زخمی شیر میکس ویل کی ڈبل سینچری نے افغانستان سے فتح چھین لی، ممبئی میں ناقابل یقین مناظر، آسٹریلیا کے گلین میکس ویل نے ورلڈکپ کی تاریخ کی سب سے یادگار اننگ کھیل ڈالی۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کے سب سے بڑے شہر ممبئی میں منگل کی شب کو ناقابل یقین مناظر دیکھنے میں آئے۔ انجری کے باعث چلنے سے بھی قاصر آسٹریلیا کے گلین میکس ویل نے کرکٹ ورلڈکپ کی تاریخ کے سب سے سنسنی خیز مقابلے کی شکل اختیار کر جانے والے میچ میں تن تنہا، کھڑے کھڑے افغانستان کے جبڑے سے فتح چھین لی۔ گلین میکس ویل نے ممبئی کے وانکھڈے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھڑے کھڑے چھکے پر چھکوں کی برسات کرتے ہوئے ناصرف تاریخی ڈبل سینچری اسکور کی، بلکہ اپنی ٹیم کو فتح دلوا کر ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہنچا دیا۔ گلین میکس ویل نے کپتان کمنز کے ساتھ مل کر 8 ویں وکٹ کیلئے 202 رنز کی شراکت داری قائم کی اور اپنی ٹیم کو فتح دلوا کر ہی دم لیا۔
ورلڈکپ کے 39ویں میچ میں افغانستان نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 292 رنز کا ہدف دیا۔ ممبئی کے وانکھڈے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان کے اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز دینے میں ناکام رہے، افغانستان کی پہلی وکٹ آٹھویں اوور میں 38 رنز پر گری جب رحمان اللّٰہ گرباز 21 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔ ابراہیم زادران اور رحمت شاہ نے محتاط لیکن اچھی بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 121 رنز تک پہنچایا جس کے بعد 24.4 اوورز میں رحمت شاہ 30 رنز پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ کپتان حشمت اللہ شاہدی 26، عظمت عمرزئی 22 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ محمد نبی 12 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ وکٹ کی دوسری جانب موجود ابراہیم زادران نے ذمہ دارانہ اننگز جاری رکھی اور اپنی سنچری مکمل کی۔ واضح رہے کہ یہ کسی بھی افغانی کھلاڑی کے ون ڈے فارمیٹ کے ورلڈکپ میں پہلی سنچری تھی۔ ابراہیم زادران نے 129 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ انکی اننگز میں 8 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ اننگز کے اختتامی لمحات میں راشد خان نے 18 گیندوں پر 35 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 291 رنز کے ٹوٹل تک پہنچایا۔
آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے دو جبکہ مچل سٹارک، گلین میکس ویل اور ایڈم زیمپا نے ایک ایک آؤٹ کیا۔ بعد ازاں افغانستان کی جانب سے دیے گئے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی اننگ کا بہت برا آغاز ہوا، افغانستان کے فاسٹ باولرز نوین الحق اور عظمت نے کینگروز کی بیٹنگ لائن روند ڈالی جس کے باعث آسٹریلیا 100 رنز سے قبل ہی 7 وکٹیں گنوا بیٹھا۔ تاہم پھر گلین میکس ویل نے 201 رنز کی اننگ کھیل کر 292 رنز کا مطلوبہ ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں