بھارتی کرکٹر دل کا دورہ پڑنے سے پچ پر ہی انتقال کرگیا

ریاض (پی این آئی) بھارتی کرکٹر دل کا دورہ پڑنے سے پچ پر ہی انتقال کرگیا۔ بھارتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق کرکٹر کی شناخت محمد عاطف خان کے نام سے ہوئی ہے، جس کا تعلق بھارتی شہر حیدرآباد کے علاقے مراد نگر سے ہے۔

ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ اگر کرکٹر کو بروقت سی پی آر دیا جاتا تو شاہد اس کی جان بچ جاتی۔ ان کا کہنا تھا کہ جب کسی شخص کا دل کام کرنا بند کر دیتا ہے تو ایک ایک سیکنڈ قیمتی ہوتا ہے، سی پی آر سینے کے دباؤ کو کم کرنے اور سانس فراہم کرنے کا کام کرتا ہے۔ بھارت سے تعلق رکھنے والا 52 سالہ عاطف خان الخبر کے علاقے رکھہ کے گراؤنڈ میں میچ کے دوران بیٹنگ کررہا تھا کہ اس دوران اچانک اس کے سینے میں شدید درد اُٹھا اور وہ پچ پر گر پڑا۔ کھلاڑی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، مگر وہ جانبر نہ ہوسکا۔ بھارتی شہر حیدرآباد کے رہائشی کرکٹر نے سوگواران میں بیوی اور تین بچے چھوڑے ہیں۔

واضح رہے کہ ایسا ہی ایک واقعہ گزشتہ سے پیوستہ برس لاہور میں بھی پیش آیا تھا جب کلب کرکٹ میچ کے دوران ایک کھلاڑی وقاص خالد کا حرکت قلب بند ہو جانے کے باعث انتقال ہو گیا تھا۔ مغل پورہ وائٹس کلب کے صدر خورشید احمد نے اس حوالے سے بتایا تھا کہ وقاص خالد آؤٹ ہونے کے بعد گراؤنڈ سے باہر بیٹھے ہوئے تھے کہ اچانک طبعیت خراب ہوئی اور وہ گر گئے۔ وقاص کو فوری طور پر ابتدائی طبی امداد پہنچائی گئی، لیکن ہارٹ اٹیک کے باعث ان کا انتقال ہوگیا۔ یہ واقعہ سنٹرل پنجاب انٹر کلب کرکٹ چیمپئن شپ میں مغل پورہ وائٹس اور باغبانپورہ ایگلز کی ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے میچ میں پیش آیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں