لاہور (آئی این پی)وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر سوشل سکیورٹی ہسپتالوں میں عام شہریوں کے علاج کے انتظامات کے لئے وزیر پرائمری ہیلتھ کیئرڈاکٹر جمال ناصر کی سربراہی میں وزرا کی کمیٹی نے سفارشات تیار کر لیں۔ڈاکٹر جمال ناصر نے بتایا کہ سوشل سیکیورٹی ہسپتالوں میں عام شہریوں کے امراض قلب کے آپریشن کرنے پر 70 فیصد ادائیگی ہیلتھ کارڈ جبکہ باقی 30 فیصد حکومت پنجاب کی طرف سے کی جائے گی۔عام شہریوں کے دیگر نوعیت کے آپریشن کرنے پر سوشل سیکیورٹی ہسپتالوں کو یونیورسل ہیلتھ انشورنس( ہیلتھ کارڈ) کے نرخوں پر ادائیگی کی جائے گی۔
بچوں کی پیدائش کے لئے عام عورتوں کے آپریشن کرنے پر تمام اخراجات حکومت پنجاب کی طرف سے ادا کئے جائیں گے۔ اس مقصد کے لئے ریوالونگ فنڈ قائم کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ سفارشات کی تیاری کے لئے وزرا کی کمیٹی کے تین اجلاسوں میں وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جاوید اکرم اور وزیر تعلیم منصور قادر شریک ہوئے۔اس کے علاوہ سیکرٹری ہیلتھ علی جان خان ، سیکرٹری لیبر فیصل فرید اور کمشنر سوشل سیکیورٹی نادیہ ثاقب نے بھی شرکت کی۔ وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے بتایا کہ یہ سفارشات مزید کارروائی کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب کو ارسال کر دی گئی ہیں۔ان سفارشات پر عمل درآمد سوشل سیکیورٹی کے گورننگ بورڈ کی طرف سے آمادگی سے مشروط ہوگا۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ صنعتی کارکنوں کو اب سوشل سیکیورٹی ہسپتالوں میں شام کے وقت بھی علاج کی سہولت میسر ہو گی۔ سوشل سیکیورٹی ہسپتالوں میں موجود صنعتی کارکنوں کی ضروریات سے زیادہ سہولتیں ہی صرف عام شہریوں کے علاج کے لئے استعمال کی جائیں گی۔ان ہسپتالوں میں عام شہریوں کے علاج کے اخراجات حکومت پنجاب برداشت کرے گی۔ سوشل سکیورٹی ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں تک صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں