بجلی ساڑھے 7 روپے فی یونٹ مہنگی ہو گئی، کس سلیب میں کتنا اضافہ؟ تفصیل جانیئے

کراچی(آئی این پی)بجلی کے بنیادی ٹیرف میں ساڑھے سات روپے فی یونٹ تک اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا جس کے بعد بجلی کا فی یونٹ بنیادی ٹیرف 42 روپے 72 پیسے تک پہنچ گیا ہے۔ حکومت نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں ساڑھے سات روپے فی یونٹ تک اضافے کا نوٹفیکشن جاری کر دیا ہے جس کا اطلاق جولائی 2023 سے ہوگا اس اضافے کے بعد بجلی کا فی یونٹ بنیادی 42 روپے 72 پیسے تک پہنچ گیا ہے جب کہ سیلز ٹیکس کے بعد فی یونٹ بنیادی ٹیرف 50 روپے 41 پیسے تک ہوگیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ماہانہ 100 یونٹ تک ٹیرف 3 روپے اضافے سے 16.48 روپے کا ہوگیا ہے۔ 101 سے 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کے لیے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 4 روپے اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد ٹیرف 22.95 روپے ہوگیا ہے۔جو گھریلو صارفین ماہانہ 201 سے 300 یونٹ تک بجلی استعمال کریں گے انہیں اب فی یونٹ 5 روپے اضافے کے بعد 27.14 روپے میں پڑے گا جب کہ 301 سے 400 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کے لیے ساڑھے 6 روپے مہنگی کی گئی ہے اور یہ ٹیرف 32.03 روپے ہوگا۔ماہانہ 401 سے 700 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کے بنیادی ٹیرف میں ساڑھے 7 روپے اضافہ کیا گیا ہے۔ جو صارف 401 سے 500 یونٹ تک بجلی استعمال کریں گے انہیں فی یونٹ 35.24 روپے کا پڑے گا۔ ماہانہ 501 سے 600 یونٹ تک بجلی خرچ کرنے والوں کو 37.80 روپے جب کہ 700 سے زائد یونٹ بجلی استعمال کرنے والوں کے لیے 42.72 روپے فی یونٹ بجلی کی قیمت ادا کرنا پڑے گی۔ماہانہ 50 یونٹ تک لائف لائن صارفین کے لیے فی یونٹ 3.95 روپے قیمت برقرار رکھی گئی ہے۔ 51 سے 100 یونٹ تک لائف لائن صارفین کے لیے فی یونٹ 7.74 روپے، ایک سے 100 یونٹ تک پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے فی یونٹ 7.74 جب کہ ماہانہ 101 سے 200 یونٹ تک پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے فی یونٹ 10.06 روپے بجلی کی قیمت برقرار رکھی گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close