عمران خان نے آئی ایم ایف سے کیا گارنٹی مانگی؟ پی ڈی ایم رہنما نے دعویٰ کردیا

پشاور (پی این آئی) ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمد اللہ نے دعوی کیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف سے انتخابات کی گارنٹی مانگی۔

 

انہوں نے کہا کہ ملک میں انتخابات کروانا الیکشن کمیشن کا کام ہے آئی ایم ایف کا نہیں، چیئرمین پی ٹی آئی نے جلسوں میں بیرونی مداخلت کا ڈھونگ رچا کر قوم کو بے وقوف بنایا۔ نجی ٹی وی چینل اے آر وائے نیوز کے مطابق حافظ حمداللہ نے کہا کہ یہ وہ منافقت ہے جس کا پردہ ہم 10 سال پہلے چاک کر چکے ہیں، امریکا کے بعد آئی ایم ایف سے مداخلت کی بھیک مانگنا کیا حقیقی آزادی ہے؟ ادھر وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے ملاقات سیاسی عمل کا حصہ ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف نے تمام سیاسی جماعتوں سے ملاقاتیں کی ہیں لیکن انہیں لگتا ہے کہ آئی ایم ایف نے پی ٹی آئی چیئرمین سے کہا ہوگا کہ 2022 کے مارچ کی طرح انتشار اور فساد پھیلا کر ملکی معیشت کو تباہ نہ کرنا۔آئندہ عام انتخابات پر پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ اتحاد کے سوال پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس کا فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی۔اگلے وزیر اعظم کے حوالے سے پوچھے جانے والے سوال پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ فیصلہ پاکستانی عوام کا ہوگا۔

 

 

 

خیال رہے کہ ایک روز قبل آئی ایم ایف کے وفد نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے زمان پارک لاہور میں ملاقات کی تھی، آئی ایم ایف کے وفد اور چیئرمین پی ٹی آئی کے درمیان ملاقات ایک گھنٹے سے زائد تک جاری رہی۔ ملاقات میں پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمودقریشی بھی شریک تھے جبکہ سابق وزیرخزانہ شوکت ترین نے ویڈیو لنک پر آئی ایم ایف وفد کو بریفنگ دی۔پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے ٹوئٹ میں بتایاکہ چیئرمین پی ٹی آئی سے ان کی رہائش گاہ پرملاقات میں ریذیڈنٹ نمائندے ایستھرپیریز نے شرکت کی جبکہ آئی ایم ایف کے کنٹری چیف نیتھن پورٹر نے واشنگٹن سےورچوئل شرکت کی۔ ان کا کہنا تھاکہ آئی ایم ایف ٹیم سے اسٹاف لیول معاہدے سے متعلق بات چیت ہوئی، آئی ایم ایف نے حکومت پاکستان کے ساتھ 3 ارب ڈالرز کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کیلئے معاہدہ طےکیا ہے، اس تناظر میں ہم مجموعی مقاصد اور کلیدی پالیسیوں کی حمایت کرتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں