اسلام آباد(پی این آئی)2023 میں دنیا کے پرامن ترین ممالک کی درجہ بندی کی گئی ہے ۔ اس درجہ بندی میں صورتحال میں کسی حد تک بہتری آنے کی وجہ سے پاکستان آخری 20 ممالک میں شامل کیا گیا ہے۔ انسٹیٹیوٹ فار اکنامکس اینڈ پیس (آئی ای پی) نے دنیا کے پر امن درجہ بندی کے حوالے سے اپنی سالانہ رپورٹ پیش کی ہے، اس فہرست میں ممالک کی درجہ بندی کے لیے تحفظ، سیکیورٹی، تنازعات اور دیگر عناصر کو مدنظر رکھا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق اس سال پاکستان 2 درجے بہتری سے 163 میں سے 146 ویں نمبر پر رہا جبکہ بھارت 126، سری لنکا 107، سعودی عرب 119، چین 80، متحدہ عرب امارات 75، امریکا 131 جبکہ بنگلادیش 88 ویں نمبر پر رہا۔آئس لینڈ 1.124 اسکور کے ساتھ مسلسل 15 ویں سال دنیا کا پر امن ترین ملک قرار پایا مگر اس سال یورپی ملک کے مجموعی سکور میں کمی دیکھنے میں آئی۔اس کی وجہ یہ ہے کہ آئس لینڈ کی تاریخ میں پہلی بار مبینہ دہشتگردانہ سرگرمیوں کو ریکارڈ کیا گیا جبکہ وہاں قتل کے کیسز کی شرح بھی بڑھی۔آئس لینڈ کے بعد یورپی ممالک ڈنمارک اور آئرلینڈ بالترتیب دوسرے اور تیسرے پرامن ترین ممالک قرار دیئے گئے۔رپورٹ کے مطابق نیوزی لینڈ 2 درجے بہتری سے چوتھے نمبر پر رہا جبکہ آسٹریا ایک درجہ تنزلی سے 5 واں پرامن ملک قرار پایا۔ سنگاپور ایشیاء کا پرامن ترین ملک رہا اور عالمی درجہ بندی میں اس کے حصے میں چھٹا نمبر آیا۔پرتگال 7 ویں، سلوانیا 8 ویں، جاپان 9 ویں جبکہ سوئٹزر لینڈ 10 ویں نمبر پر رہا۔افغانستان مسلسل 8 ویں سال اس فہرست میں آخری یعنی 163 ویں نمبر پر رہا جس سے اوپر یمن (162)، شام (161)، جنوبی سوڈان (160) اور کانگو (159) پر موجود ہیں۔رپورٹ کے مطابق یورپ کا خطہ دنیا میں سب سے زیادہ پرامن رہا مگر یوکرین میں جنگ کے باعث وہاں حالات خراب ہو رہے ہیں، فہرست میں روس اور یوکرین کی نمایاں تنزلی دیکھنے میں آئی اور وہ دونوں بالترتیب 158 اور 157 ویں نمبر پر رہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں