اسلام آباد(پی این آئی )پنجاب حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ 18 سال سے زائد عمر کے شناختی کارڈ کے حامل ہر شخص کو مفت آٹا لینے کا اہل قرار دے دیا گیا ہے۔نجی ٹی وی ایکسپریس کے مطابق صوبے میں مفت آٹا فراہمی کے ذریعے صرف مستحق خاندانوں کو ٹارگٹڈفوڈ سبسڈی دینے کے طریقہ کار کو ختم کر دیا گیا ہے اور نئے طریقہ کار کے تحت پنجاب کے رہائشی پتے پر مبنی شناختی کارڈ رکھنے والے 18 سال سے زائد عمر کے ہر شخص کو مفت آٹا لینے کا
اہل قرار دے دیا گیا ہے۔دوسری جانب ترجمان حکومت پنجاب نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے ایک ہفتے میں ریکارڈ ایک کروڑ30 لاکھ سے زائد مفت آٹا بیگز تقسیم کئے جا چکے ہیں اور 28 مارچ کو دوپہر 12 بجے تک ریکارڈ 18 لاکھ مفت آٹا بیگز مستحقین میں تقسیم ہوئے۔ ترجمان حکومت پنجاب نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے مستحقین میں 53 ارب روپے کے رمضان پیکج پر عملدرآمد تیزی سے جاری ہے۔ اور مفت آٹا سکیم سے پنجاب کے تقریباً 10کروڑ سے
زائد افراد مستفید ہوں گے۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے دوسرے مرحلے میں ایک بیگ لینے والے شہریوں کو 10کلو آٹے کے مذید 2 تھیلے مفت دیے جائیں گے اور مفت آٹے کی تقسیم کا عمل 25رمضان المبارک تک جاری رہے گا۔ترجمان حکومت پنجاب نے کہا کہ مستحقین میں مفت آٹے کی منصفانہ تقسیم کے لئے پوری حکومتی مشینری متحرک ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سمیت تمام صوبائی وزراء اور سیکرٹریز فری آٹا پوائنٹس پر دورے کر رہے ہیں۔
ترجمان حکومت پنجاب نے کہا ہیکہ حکومت جہانیاں میں وفات پانے والی خاتون کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ ترجمان نے وضاحت کی کہ خاتون کی موت رش کی وجہ سے نہیں بلکہ ہارٹ اٹیک سے ہوئی ہے۔ خاتون کو بیہوشی کے بعد طبی امداد کے لئے فورآ ہسپتال پہنچایا گیا مگر ہسپتال پہنچ کر 73 سالہ خاتون ہارٹ اٹیک کے باعث دم توڑ گئیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں