نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق بڑا اعلان

لاہور(پی این آئی ) وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ نواز شریف وطن واپس آکر انتخابی مہم کی قیادت کریں گے، نوازشریف خود بھی وطن واپس آنا چاہتے ہیں، الیکشن میں فتنے فساد کی سیاست کو دفن کردیں گے۔ وزیراعلیٰ کی ایڈوائس گورنر کو موصول ہوگئی ہے اور کل ساڑھے دس بجے سے پہلے گورنر دستخط کردیں گے یا پھر خود بخود تحلیل ہوجائے گی۔

آئینی معاملہ ہے اب پنجاب اسمبلی تحلیل ہوچکی ہے،ہم الیکشن میں جائیں گے اور بھرپور طریقے سے الیکشن میں حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کل بھی پرویزالٰہی نے عدم اعتماد کی تحریک کیلئے زور لگایا کہ اسمبلی نہیں ٹوٹنی چاہیے، ہم نے کہا آپ نے پیسا بہت کما لیا ہے، اب آپ جائیں۔ہمارے دعوؤں کے کوئی برعکس کام نہیں ہوا، ان کے 12لوگوں نے ہمارے ارکان کے ساتھ رابطہ کیا کہ یہ پاگل آدمی اسمبلی توڑ رہا ہے، جبکہ ہم اسمبلی توڑنے کے حق میں نہیں ہیں ، اورانہوں نے کہا کہ آپ گورنر کو کہیں کہ وہ اعتماد کا ووٹ لیں، ان کو دس بارہ دن لگے کہ ان کو منانے میں ، جب رات 12بجے ایک بندہ آیا تو ان کے 186ارکان پورے ہوئے۔اس میں اسٹیبلشمنٹ نے ان کی کوئی سپورٹ نہیں کی، ایک ایک کرکے بندوں کو لائے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پہلے چودھری پرویزالٰہی بھی اسمبلی توڑنے کے حق میں نہیں تھا، پھر جب پرویزالٰہی کو آئندہ وزیراعلیٰ پنجاب بنانے کی یقین دہانی کرائی گئی تو اس نے اسمبلی توڑ دی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا فیصلہ ہے کہ ہم الیکشن میں جائیں گے اور فتنے فساد کی سیاست کو دفن کردیں گے،ہماری خواہش بھی ہے اور پارٹی نے اپیل بھی کی ہے کہ نوازشریف واپس آکر الیکشن میں پارٹی کی قیادت کریں گے، ہمیں امید ہے کہ وہ پارٹی کی اپیل کو قبول کریں گے، اور وہ خود بھی وطن واپس آنا چاہتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں