فیاض الحسن چوہان کو پنجاب میں بڑا عہدہ مل گیا

لاہور (پی این آئی ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء فیاض الحسن چوہان کو وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا ترجمان مقرر کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی سے رکن پنجاب اسمبلی فیاض الحسن چوہان کو وزیراعلیٰ پنجاب کا ترجمان مقرر کیا گیا ہے، تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے ایم پی اے کی بطور ترجمان تقرری کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا۔

 

ادھر پنجاب کابینہ کے 21 ارکان نے حلف اٹھا لیا، گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے 21 رکنی کابینہ سے حلف لیا، گورنر ہاوس لاہور میں پنجاب کابینہ کی حلف برداری کی تقریب ہو ئی جس میں تحریک انصاف کے رہنماوں نے شرکت کی۔ پنجاب کابینہ کے 21 ارکان نے حلف اٹھایا، گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے صوبائی کابینہ شامل ارکان سے حلف لیا۔حلف اٹھانے والوں میں میاں اسلم اقبال،محسن لغاری،راجہ بشارت،یاسر ہمایوں،ڈاکٹر یاسمین راشد،مراد راس،آصف نکئی،حسین جہانیاں اور عنصر مجید نیازی سمیت دیگر ارکان شامل ہیں۔جب کہ نئے وزراء کو محکمےبھی الاٹ کر دیئے گئے، کابینہ میں میاں اسلم اقبال ہاؤسنگ اور انڈسٹریز کے وزیر ہوں گے، ڈاکٹر یاسمین راشد محکمہ صحت،میاں محمود الرشید بلدیات اور مراد راس اسکولز ایجوکیشن کے وزیر ہوں گے، راجا بشارت وزیر پارلیمانی امور، علی افضل ساہی وزیر مواصلات، پراسیکوشن اور کوآپریٹو ، لطیف نذر مائنز اینڈ منرل اور نوابزداہ منصور کو محکمہ مال دیا جا رہا ہے۔

 

وزیر اعلی پنجاب پرویز الٰہی کی کابینہ میں سردار محسن لغاری خزانہ، سردار شہاب الدین سوشل ویلفیئر، سردار حسنین بہادر دریشک محکمہ خوراک اینڈ لائیو اسٹاک، عنصر مجید نیازی محکمہ لیبر اور ملک تیمور کھیلوں کے وزیر ہوں گے، جبکہ احمد اویس کو دوبارہ پنجاب کا ایڈووکیٹ جنرل بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، مسرت جمشید چیمہ کو محکمہ اطلاعات کے ساتھ وزیراعلیٰ پنجاب کا معاون خصوصی بنایا جائے گا، ارسلان خالد کو محکمہ آئی ٹی کے ساتھ وزیراعلیٰ کا معاون خصوصی بنایا جا رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں