اسلام آباد(پی این آئی)مسلم لیگ (ن )کے مرکزی رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ ممنوعہ فنڈنگ آخری کیس نہیں ہے، خان صاحب نے اس کے بعد بھی چاند چڑھائے ہوئے ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے کہا کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس میں جرم ثابت ہو چکا بس سزا کا تعین باقی ہے، جو جرم ثابت ہوا ہے جو سزا ہو سکتی ہے وہ پارٹی پر پابندی یا عمران خان کی نااہلی ہو سکتی ہے، عمران خان سے رقم برآمد کی جائے گی، مزید جو لوگ ملوث ہیں
وہ بھی گرفتار ہوں گے اور انہیں بھی سزا ہو گی۔انہوں نے کہا کہ یہ چاروں کام کرنے کے لیے ڈیکلیریشن سپریم کورٹ بھیجی جائے گی، ایف بی آر، ایف آئی اے اور دیگر مالیاتی اداروں کی مدد سے تحقیقات ہوں گی، اس معاملے کو مزید طول نہیں دیا جائے گا، تحقیقات جلد مکمل ہوں گی۔رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ یہ آخری کیس نہیں ہے، اس کے بعد بھی خان صاحب نے چاند چڑھائے ہوئے ہیں، اس لاڈلے کو پوچھتے پوچھتے 8 سال ہو گئے،
اس معاملے میں حکومت اپنی ذمہ داری ادا کرے گی۔انہوںنے کہاکہ عمران خان کو صادق اور امین بنایا گیا جس میں شرعی اور دنیاوی عیب ہیں، انصاف کا نظام اگر صحیح طرح کام کرتا تو عمران خان ریاست کا والی نہ ہوتا۔طلال چوہدری نے کہا کہ نواز شریف بالکل واپس آئیں گے اور ان کا حق ہے کہ وطن واپس آئیں، نواز شریف اگلے انتخابات سے پہلے وطن واپس آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت میں آتے ہی اپنے قلم سے وہ تمام ظلم اور جبر جو نواز شریف یا کسی کارکن پر ہوا ختم کر دینا چاہیے تھا، ہم نے نظام کو ایک اور موقع دیا، خصوصاً انصاف کا نظام اپنی تصحیح کرے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں