حکومت قائم رہے گی یا اسمبلیاں تحلیل ہوں گی؟ اگلے دو دن انتہائی اہم قرار۔۔ وزیراعظم شہباز شریف کو کس کی یقین دہانی کا انتظار ہے؟

اسلام آباد(پی این آئی) اگر شہباز شریف کی حکومت کو متعلقہ حکام سے اگست 2023 تک بر سراقتدار رہنے کے حوالے سے مطلوبہ یقین دہانی نہ ملی تو قومی اسمبلی تحلیل ہو جائے گی۔باخبر ذرائع نےبتایا ہے کہ اگلے دو دن بہت اہم ہیں۔ ذریعے نے کہا کہ آپ کو تیل کی قیمتوں میں اضافے کی خبر ملے گی یا پھر قومی اسمبلی تحلیل ہو جائے گی۔

 

منگل کی رات وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے اتحادیوں کے ساتھ مشاورت کے بعد فیصلہ کیا کہ موجودہ حکومت کو جاری رہنا چاہیے اور معیشت کو درپیش چیلنجز کو حل کرنا چاہیے لیکن شرط ہے کہ اسے متعلقہ حکام سے مطلوبہ حمایت مل جائے۔ذریعے نے کہا کہ اتحادیوں کی رائے تھی کہ مطلوبہ یقین دہانی کے بغیر، حکومت تیل کی قیمتیں بڑھانے اور عمران خان حکومت کی جانب سے دی گئی بھاری سبسڈی کے خاتمے کا خطرہ مول نہیں لے سکتی، اگر انتخابات اکتوبر میں کرائے گئے تو موجودہ حکومت ہی کو صرف مشکل سیاسی فیصلہ کرنے کی بھاری سیاسی قیمت چکانا پڑے گی اور اسے معیشت کو درست کرنے اور عوام کی خدمت کا موقع ہی نہیں ملے گا۔نواز شریف، آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان تیل کی قیمتیں بڑھانے کے حق میں نہیں، ان کی رائے ہے کہ اس سے مہنگائی آئے گی اور عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔

 

وزیراعظم شہباز شریف کو یقین ہے کہ معاشی مسائل حل ہو جائیں گے اور عوام تک کم از کم بوجھ منتقل ہوگا تاہم، انہوں نے تینوں سیاسی رہنماؤں سے اتفاق کیا کہ اپنی حکومت کی مدت کے حوالے سے مطلوبہ یقین دہانی ملنے تک کوئی حکومت کارکردگی نہیں دکھا سکتی۔منگل کی مشاورت میں وزیراعظم نے تجویز دی کہ حکومت کو قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلانا چاہیے اور اسٹیک ہولڈرز کو مدعو کرنا چاہیے تاکہ کمیٹی سے مطلوبہ یقین دہانی حاصل ہو سکے، کمیٹی میں دفاعی سروسز چیفس اور ڈی جی آئی ایس آئی سمیت اعلیٰ سکیورٹی عہدیدار شامل ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close