وائٹ ہاؤس نے نہیں، عمران خان کے خلاف سازش کس نے کی، بلاول کا بڑا اعتراف

کراچی (پی این آئی )وزیر خارجہ اور پاکستان پیپلزپارٹی(پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیراعظم عمران خان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کہتے ہیں کہ وائٹ ہاؤس نے ميرے خلاف سازش کی، وائٹ ہاؤس نے نہيں بلاول ہاؤس نے آپ کیخلاف سازش کی۔وزارت خارجہ کا حلف اٹھانے کے بعد پہلی مرتبہ کراچی آمد کے موقع پر استقبال کے لیے ایئرپورٹ اولڈ ٹرمینل پر آنے والے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پارٹی کارکنوں کو مبارک ہو کہ ہماری جیت ہوچکی ہے، جمہوریت کی جیت ہوچکی ہے، چاروں صوبوں کی جیت ہوچکی ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام کی جیت ہوچکی ہے کہ ہم نالائق، نا اہل ترین، کٹھ پتلی وزیر اعظم کو گھر بھیجنے میں کامیاب ہوچکی ہے۔ان کا کہنا تھاکہ جب کٹھی پتلی حکومت مسلط ہوئی تو ہم اس کے خلاف جد وجہد کے لیے نکلے، ہم نے آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کہا کہ یہ حکومت الیکٹڈ نہیں، سلیکٹڈ حکومت ہے اورہم کبھی اس سلیکٹڈ حکومت کو قبول نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم پہلے دن سے اس غیر جمہوری شخص کے خلاف کھڑے ہوئے، آج سلیکٹڈ کہتا ہے کہ یہ بیرونی سازش تھی، ہم کہتے ہیں کہ یہ بیرونی سازش نہیں، عوام کی جدو جہد تھی جس کے نتیجے میں اس کٹھ پتلی کو گھر بھیجا۔ان کا کہنا تھا کہ یہ آئین پاکستان، پارلیمنٹ اور جمہوریت کی کامیابی ہے۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ یہ وائٹس ہاؤس کی نہیں، بلاول ہاؤس کی سازش تھی، جب ہم نے اس کے خلاف لانگ مارچ شروع کیا تو اس سے مطالبہ کیا گیا کہ اسمبلی توڑ دو، مگر وہ شخص طاقت کے نشے میں دھت تھا۔انہوں نے کہا اس سلیکٹڈ نے ہماری بات نہیں مانی، پھر ہم اسلام آباد پہنچے تو ہم تحریک عدم اعتماد کا اعلان ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اعلان کیا تھا کہ وہ ایک کروڑ نوجوانوں کو نوکریاں دے گا، 50 لاکھ گھردے گا، 90 روز میں ملک میں اصلاحات کرے گا مگر حکومت میں آنے کے بعد عمران خان نے لوگوں سے روزگار چھینا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے لوگوں کو گھردینےکے بجائے تجاوزات کے نام پر لوگوں سے ان کے گھر چھین لیے، کرپشن کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے ان کے دور میں ملک میں کرپشن میں مزید اضافہ ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اس کٹھ پتلی کو کہا تھا کہ آئین شہید ذوالفقار علی بھٹو کی امانت ہے، اس نے آئین پر حملہ کیا، ہم نے جب عوام کو تکلیف میں دیکھا تو اس خاموش نہیں بیٹھ سکتے تھے۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عمران خان تمام اداروں کو پی ٹی آئی کی ٹائیگر فورس بنانا چاہ رہے تھے، عمران خان چاہتے تھے کہ میڈیا ہو، عدلیہ، قومی اسمبلی کا اسپیکر ہو وہ سب پی ٹی آئی کے ٹائیگر فورس بن کر کام کریں۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ عمران خان چاہتا تھا کہ ہمارے ملک کے ادارے، ہماری فوج ، آئی ایس آئی بھی اس کی ٹائیگر فورس بن کر کام کرےان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ملک میں انتے بحران پیدا کردیے کہ ہم اس کا نام بحران خان رکھنا چاہتے ہیں، اس نے جس چیز میں ہاتھ ڈالا اس کو تباہ کردیا، عمران خان نے تبدیلی کے نام پر تباہی کی۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ یہ تبدیلی راتوں رات نہیں آئی، جیالوں نے ملک بھر میں تین چار سالوں کے دوران سلیکٹڈ حکومت کے خلاف جدوجہد کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں