محکمہ زراعت پنجاب کپاس کے کاشتکاروں کو زرعی ادویات 50 فیصد سبسڈی پر فراہم کرنے کا اعلان

فیصل آباد (آئی این پی)محکمہ زراعت حکومت پنجاب کاکپاس کے کاشتکاروں کو زرعی زہریں (ادویات) 50فیصد سبسڈی پر فراہم کرنے کا اعلان ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق کپاس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیلئے کاشتکاروں کو زرعی زہریں 50 فیصد سبسڈی پر فراہم کی جائیں گی۔زرعی زہروں کی فراہمی محکمہ زراعت (توسیع) کے ضلعی دفاتر سے کی جائے گی۔کاشتکارمکمل اور تصدیق شدہ درخواستیں 02 مئی 2022 تک متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) کے دفتر میں جمع کرائیں۔

درخواستوں پر قرعہ اندازی 18 مئی کو ہوگی جبکہ قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والے کاشتکاروں کو 23 مئی تک زرعی زہریں فراہم کردی جائیں گی۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ اس منصوبہ کے تحت کپاس کے مرکزی و ثانوی علاقہ جات ساہیوال، ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان اور فیصل آباد ڈویژنوں میں 12.5 ایکڑ تک کپاس کاشت کرنے والے آبپاش زرعی اراضی کے مالک کاشتکاردرخواست دینے کے اہل ہوں گے۔درخواست دہندہ کم از کم 5 ایکڑ کپاس کاشت کرنیکاپابندہوگا۔ 10EC اور اس سے کم طاقت والی زہروں کیلئے علیحدہ علیحدہ درخواست دی جائے گی۔2.5EC والی زہریں 5 ایکڑ کیلئے ہوں گی۔ جبکہ 10EC سے 12.5 ایکڑ پر سپرے کی جا سکیگی۔لیمبڈا سائی ہیلوتھرین 10%EC رعایتی قیمت 549 روپے فی لیٹر، لیمبڈا سائی ہیلوتھرین 2.5%EC رعایتی قیمت 360روپے فی لیٹر، لیمبڈا سائی ہیلوتھرین 2%ULV رعایتی قیمت 135 روپے فی لیٹر، ڈیلٹا میتھرین 2.5%EC رعایتی قیمت 325 روپے فی لیٹر اور فیپرونل 5%SC کی رعایتی قیمت 604 روپے فی لیٹر فراہم کی جائیں گی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں