صدر کے پاس اختیار ہے، وزیراعظم کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہہ سکتے ہیں، فواد چوہدری نے نیا پینڈورا باکس کھول دیا

اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما چوہدری فوادحسین نے کہا ہے کہ صدر کے پاس اختیار ہے کہ وہ وزیراعظم کو اعتماد کا ووٹ لینے کاکہہ سکتے ہیں، ہمیں کیا پتا فرح گوگی کون ہے، حکومت سے پوچھیں، اگرمریم نواز کے پاس ثبوت ہیں تو فرح گوگی پر کیس کردیں، مریم اورنگزیب کسی جگہ پرکونسلر کا الیکشن لڑکردکھا دیں،مریم نواز اور مریم اورنگزیب محلے کی عورتوں کی طرح طعنے دیتی ہیں، پاکستان کی سیاست کو ان خواتین کے حوالے نہیں کیا جاسکتا۔

سابق وزیر اطلاعات نے اپنے ایک بیان کہا کہ انتخابی اصلاحات پر بات چیت ضرور ہونی چاہیے، بلاول کو شہبازشریف کا وزیرخارجہ بنا کر بھٹو کی میراث کو دفن کردیاگیا، جو کام ضیا الحق نہیں کرسکے وہ آج زرداری نے کروا دیا، آج پیپلز پارٹی ن لیگ میں شامل ہوگئی۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے مطالبہ ہے ان سب کو ایک ہی انتخابی نشان لوٹا دے دیں، پوری حکومت افراتفری کا شکار ہے۔تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے موجودہ حکومت کی بدانتظامی کو پاکستان میں بجلی اور ڈیزل کے بدترین بحران کی بنیادی وجہ قرار دے دیااور کہا کہ پوری حکومت افراتفری کا شکار ہے، کیا ملک کا نظام اس طرح چلتا ہے؟ ان کی ایک ہی توجہ ہے کہ حمزہ شہباز وزیر اعلیٰ بن جائے۔انہوں نے کہا کہ ایک ہی حل ہے سب چیزوں کا کہ جلد اور صاف شفاف انتخابات ہوجائیں۔

اس موقع پر صحافی نے فواد چوہدری سے سوال کیا کہ عمران خان نے بھی فرح کے حوالے سے سوال کا جواب نہیں دیا، پی ٹی آئی کیوں اس سوال سے بھاگ رہی ہے؟۔فواد چوہدری نے جواب دیا کہ ہمیں کیا پتا فرح گوگی کون ہے، حکومت سے پوچھیں، اگرمریم نواز کے پاس ثبوت ہیں تو فرح گوگی پر کیس کردیں، مریم اورنگزیب کسی جگہ پرکونسلر کا الیکشن لڑکردکھا دیں،مریم نواز اور مریم اورنگزیب محلے کی عورتوں کی طرح طعنے دیتی ہیں، پاکستان کی سیاست کو ان خواتین کے حوالے نہیں کیا جاسکتا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں