صوبائی وزراء سمیت 20 سے زائد اراکین اسمبلی کی عثمان بزد ار سے ملاقات کر کے قیادت پر اعتماد کا اظہار

لاہور(آئی این پی)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے جمعرات کو وزیر اعلی آفس میں صوبائی وزراء سمیت 20 سے زائد اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقاتیں کیں – پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی رئیس نبیل احمد بھی ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے- ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور حلقو ں میں جاری ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے بات چیت کی گئی- پارلیمنٹرینز نے وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت پر بھرپور اعتماد کااظہارکیا-

وزیر اعلی عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں متحد تھی اور رہے گی۔وزیراعظم عمران خان تحریک عدم اعتماد میں سرخرو ہوں گے۔اپوزیشن کی جانب سے ہارس ٹریڈنگ کی مذمت کرتے ہیں۔قوم نے منڈیاں لگانے والوں کا دوغلا چہرہ دیکھ لیا ہے۔ اپوزیشن کی گیم اوور ہوچکی ہے-وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کیلئے ارکان اسمبلی کی قابل عمل تجاویز پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔ترقی کے سفر میں خواتین کو شامل کئے بغیر کامیابی ممکن نہیں۔ ڈی چوک میں تحریک انصاف کا جلسہ گیم چینجر ثابت ہوگا-مستقبل کی سیاست میں اپوزیشن کاکوئی کردار نظر نہیں آتا-سیاسی انتشار پھیلانے والے خود جلد منتشر ہوجائیں گے-وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی فہم و فراست کا مقابلہ کرنا سیاسی بونوں کے بس کی بات نہیں۔وزیراعظم عمران خان نے قوم کو سر اٹھا کر جینا سکھا دیا۔اپوزیشن جتنی مرضی منڈیا ں لگا لے، شکست پھر مخالفین کا مقدر ہے۔اپوزیشن کو کسی سطح پر بھی عوام کا اعتماد حاصل نہیں۔ترقی کے سفر میں روڑے اٹکانے والوں کو کچھ حاصل نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ذاتی مفادات کی خاطر اپوزیشن سیاسی انتشار پیداکر رہی ہے – اپوزیشن کی جانب سے منڈیا ں لگانا غیر جمہوری اقدام ہے۔وزیراعظم عمران خان جراتمنداور بے باک لیڈر ہیں۔

وزیراعظم عمران خان اور ہمارا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے۔عوام نے پاکستان تحریک انصاف کو 5 برس کا مینڈیٹ دیاہے۔اپوزیشن کا منفی بیانیہ عوام نے پہلے بھی مسترد کیا، اب بھی کریں گے -مخالفین کی پرواہ کئے بغیر عوامی خدمت کے مشن کو مزید تیزی سے آگے بڑھا رہے ہیں۔وزیر اعلی عثمان بزدار سے صوبائی وزیر حامد یار ہراج، اسد کھوکھر، ڈاکٹر یاسمین راشد، خواتین اراکین قومی اسمبلی غلام بی بی بھروانہ، اسماء قدیر،رکن قومی اسمبلی محمد افضل خان ڈھانڈلہ،اراکین پنجاب اسمبلی غضنفر عباس چھینہ، عامر عنایت شاہانی،مسرت جمشید چیمہ، سمیرا احمد،محسن عطا خان کھوسہ، عمر تنویر، جاوید اختر انصاری، اعجاز حسین، سردار احمد علی دریشک،رضا حسین بخاری اور دیگر شامل تھے-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پارلیمنٹرینز کو قابل عمل تجاویز پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی-پارلیمنٹرینز نے پنجاب میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی خدمات کو سراہااور کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب کے عوام کی خدمت کا حق۱دا کیا ہے اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار خلوص کے ساتھ عوام کی خدمت کر رہے ہیں اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار یکساں ترقی کا قابل قدر ویژن رکھتے ہیں – ہمیں وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت پر بھرپور اعتماد ہے-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اراکین اسمبلی کے حلقوں کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایات دیں ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close