رمضان المبارک سے تین روز قبل رمضان بازار لگا دیئے جائیں گے

راولپنڈی (آئی این پی) ڈپٹی کمشنر راولپنڈی طاہر فاروق نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کا مہینہ شروع ہونے سے تین روز قبل ضلع بھر میں رمضان بازار لگا دیئے جائیں گے اور اس سال ضلع بھر میں 16 رمضان بازار لگانے کا منصوبہ بندی کی گئی ہے۔یہ بات انہوں نے رمضان بازاروں کے قیام کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔

اجلاس میں تمام اسسٹنٹ کمشنرز شریک ہوئے۔ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق نے کہا کہ تمام رمضان بازاروں کے باہر پارکنگ کا وسیع انتظام ہونا چاہئے، چینی اور آٹے کے علیحدہ علیحدہ سٹالز لگائے جائیں گے جہاں پر شہریوں کی زیادہ تعداد کے حوالے سے جگہ میسر ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام رمضان بازاروں میں قائم سٹالز میں اشیائے خوردونوش کے نرخوں کی لسٹیں نمایاں طور پر آویزاں کی جائیں گی اور اشیائے خوردنی کی مقررہ نرخوں پر فروخت کو یقینی بنایا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام پرائس مجسٹریٹس کو فوری طور پر فعال کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ رمضان کے آغاز سے قبل اشیاء خوردنی کی قیمتوں میں یکدم اضافہ ہوجاتا ہے جس کے کنٹرول کے لئے ذخیرہ اندوزوں اور گرام فروشوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پرائس مجسٹریٹس کی کارکردگی کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈبل روڈ اور حیدری چوک میں لگنے والے رمضان بازار ضلع بھر میں سب سے بڑے ہوں گے اور ان میں ستر ستر سٹالز لگائے جائیں گے۔

ڈی سی نے کہا ہر اسسٹنٹ کمشنر اپنی تحصیل میں لگنے والے رمضان بازار کا انچارج ہوگا اور ان میں اشیائے خوردنی کی مقررہ نرخوں پر فروخت کو یقینی بنانے کا ذمہ دار ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں چینی، آٹا، سبزیاں اور فروٹ کی سپلائی کے نظام کی کڑی نگرانی کی جائے اور نا جائز منافع خوری میں ملوث افراد کے خلاف فوری اور سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان بازار میں ہیلتھ ڈیسک بھی قائم کیے جائیں گے اور سٹالز پر کام کرنے والے عملے کے کووڈ ویکسینیشن سرٹیفکیٹ بھی چیک کئے جائیں گے۔ اجلاس میں ریسکیو 1122، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر،سول ڈیفنس، راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں