امریکی طیاروں کا توڑ مل گیا، پاکستان اور ترکی نے ملکر جدید ترین فائٹر جیٹ بنانے کا فیصلہ کر لیا، دفاعی میدان سے بڑی خبر

اسلام آباد(پی این آئی) ایک طرف پاکستان اپنی فوجی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے چین سے 25جے 10سی لڑاکا طیارے حاصل کر رہا ہے اور دوسری طرف ترکی کے ساتھ مل کر ففتھ جنریشن ’ٹی ایف۔ ایکس‘ سٹیلتھ فائٹر جیٹ تیار کرنے پر بھی کام کر رہا ہے۔ ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق پاکستان اور ترکی کے مابین یہ پیشرفت امریکہ کی طرف سے ترکی کو ایف 35دینے سے انکار کے بعد ہوئی ہے۔

ترکی کے ساتھ کی گئی اس ڈیل کو سابق امریکی حکومت نے منسوخ کر دیا تھا اور تاحال مذاکرات میں اس ڈیل کے بحال ہونے کا کوئی امکان سامنے نہیں آیا۔رپورٹ کے مطابق ترکی نے روس سے ایس 400میزائل سسٹم خریدے تھے، جسے جواز بناتے ہوئے امریکہ نے اس کے ساتھ ایف 35کی خریداری کا معاہدہ ختم کر دیا تھا۔ ترک ایروسپیس انڈسٹریز کی طرف سے پاکستان کے اشتراک سے ففتھ جنریشن فائٹر جیٹ کی تیاری کی تصدیق کی گئی ہے۔ ترک ایروسپیس انڈسٹریز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر تیمل کوٹل گزشتہ دنوں پاکستان ایئرفورس کے ایئر وائس مارشل رضوان ریاض کے ہمراہ ایک پاکستانی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شریک تھے جہاں انہوں نے کہا کہ ”ترکی مقامی سطح پر سٹیلتھ طیارے بنانے کی کوششوں کو تیز تر کر رہا ہے۔ پاکستان کے ساتھ ٹی ایف۔ ایکس کی تیاری پر کام کرنا انہی کوششوں کا حصہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق ترکی اپنے اس مقصد کی بارآوری کے لیے پاکستان کی نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی سے انجینئرز کی خدمات حاصل کرے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں